چارسدہ کو امن کا گہوارہ بنائیں گے،محمد شعیب
چارسدہ (بیورورپورٹ) ضلع چارسدہ کو جرائم سے پاک امن کا گہوارہ بنا دیا جائے گا۔جرائم پیشہ افراد اور منشیات فروشوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہو گی۔ عوام الناس کی جان و مال اور عزت کی حفاظت کے لیے جذبہ خدمت سے سرشار ہو کر قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے۔ عوام الناس کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام تراقدامات بروئے کار لائے جائینگے۔ غفلت اور بدعنوان افسران کے لئے کوئی جگہ نہیں۔ ڈی پی او چارسدہ محمد شعیب خان کا کرائم میٹنگ سے خطاب۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد شعیب خان کے زیرِ صدارت پولیس سیکرٹریٹ میں ضلعی پولیس افسران کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس پی انوسٹی گیشن افتخار شاہ خان،ڈی ایس پی سرڈھیری عدنان اعظم خان، ڈی ایس پی سٹی محمد اقبال خان، ڈی ایس پی تنگی خالد خان، ڈی ایس پی شبقدر محمد ریاض خان اور تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوزسمیت انوسٹی گیشن افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران ڈی پی او چارسدہ محمد شعیب خان نے گزشتہ 6مہینوں کی پولیس کاکردگی اور کرائم کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایس پی انوسٹی گیشن چارسدہ نے ضلع میں کرائم کی موجودہ صورتحال اورکرائمز کے حوالے سے ہونے والی پولیس کی کاروائیوں سے ڈی پی او چارسدہ کو بریفنگ دی۔ ڈی پی او چارسدہ محمد شعیب خان نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصربالخصوص منشیات فروش و آئس فروشوں کے لئے ضلع میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ضلع چارسدہ کو امن کا گہوارہ بنا دیا جائے گا۔قتل و اقدام قتل میں مطلوب اشتہاری،قمار باز، بھتہ خوروں، لینڈ مافیا، قبضہ مافیا،راہزنی،چوری و ڈکیت گروہ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔معاشرتی جرائم،ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش کے خلاف بلا امتیاز کاروائی یقینی بنائی جائے۔روزانہ کی بنیاد پر نیشنل ایکشن پلان کے تحت کاروائی پر عمل درامد یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ عوام الناس کو تحفظ فراہم کرنا اور ان کو درپیش مسائل کے حل لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں گے۔ پولیس فورس میں لاپرواہ، غفلت کے مرتکب اہلکاروں اور بدعنوان افسران کی کوئی جگہ نہیں۔ کار سرکار میں دلچسپی لینے و فرائض منصبی احسن طریقے سے سر انجام دینے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ڈی پی او چارسدہ نے شعبہ ہائے تفتیش کے پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں انوسٹی گیشن ایک حساس اور پیچیدہ یونٹ ہے، تفتیشی افسران کا فیلڈ میں مختلف مشکل کیسزسے واسطہ پڑ سکتا ہے لیکن اپنی محنت اور قابلیت کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے واقفیت اور اس سے بروقت استفادہ پولیس آفیسر کوتفتیش کے میدا ن میں کامیابی دلا سکتی ہے۔