صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کے زیر صدارت 22 واں اجلاس کا انعقاد
پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی کی سربراہی میں پروانشل ہاوسنگ اتھارٹی کا 22 واں اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہاوسنگ داؤد خان اور ڈائریکٹر جنرل پروانسشل ہاوسنگ اتھارٹی عمران وزیر سمیت محکمہ قانون، ریونیو، اسٹیبلشمنٹ، لوکل گورنمنٹ، پی اینڈ ڈی اور دیگر محکموں کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بعض ممبران ویڈیو لنک کے ذریعے بھی شریک ہوئے۔ پروانشل ہاوسنگ اتھارٹی کے اجلاس میں جلوزئی ہاوسنگ سکیم نوشہرہ کے باقی ماندہ پلاٹس کی قیمتوں کا ازسرنو تعین کرنے پر غور کیا گیا، جبکہ ساتھ میں ہاوسنگ سکیم میں ریسکیو 1122 نوشہرہ کے لئے دو کنال اراضی فراہم کرنے کا معاملہ بھی زیر بجث آیا۔ اجلاس میں پی ایچ اے کے کمرشل ایریاز کے لئے لیز پالیسی پر بھی بات کی گئی۔ پروانشل ہاوسنگ اتھارٹی کے اجلاس میں گریڈ سترہ اور اس سے اوپر کے افسران کے لئے حیات آباد ہائی رائز فلیٹس کی کمپیوٹرائزڈ بلیٹنگ پر بھی بحث کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبہ کے تحت دوسرے مرحلے میں 86 مزید فلیٹس کی کمپیوٹرائزڈ بلیٹنگ کی جائیگی۔ اجلاس میں تمام ممبران نے متفقہ طور پر جلوزئی ہاوسنگ سکیم میں کوٹہ سسٹم کے تحت پلاٹس کی تقسیم کی مخالفت کی، ممبران کا کہنا تھا کہ بعض اداروں کی جانب سے جلوزئی ہاوسنگ اسکیم میں کوٹہ کے تحت پلاٹس کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم کوٹہ سسٹم کے تحت پلاٹس دینے سے ہاوسنگ سکیم پر بوجھ بڑھ جائیگا، اور دوسری جگہوں سے بھی کوٹہ سسٹم کے تحت پلاٹس کے حصول کا مطالبہ کیا جاسکے گا۔ وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ محکمہ کی جانب سے خپل کور سکیم کی طرز پر ایک نیا منصوبہ شروع کیا جاسکتا ہے، جسے اضلاع کی سطح تک بڑھایا جاسکے گا۔