کورونا مریضوں کیلئے طبی سہولیات سے آراستہ مزید 176بستروں کا انتظام کرلیا: تیمور جھگڑا

کورونا مریضوں کیلئے طبی سہولیات سے آراستہ مزید 176بستروں کا انتظام کرلیا: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سیلم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا مریضوں کے لیے جدید طبی سہولیات سے آراستہ مزید 176 بستروں کا انتظام کیا۔ جس سے کورونا وائرس سے متاثر شدید بیمار مریضوں کو سہولت میسر آئے گی۔ گزشتہ 10 دنوں کے دوران صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے علاج معالجے کے لیے 32 آئی سی یو جبکہ 144 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس بیڈز کا اضافہ کیا گیا۔ صوبے کے بڑے ہسپتال لیڈی ریڈنگ پشاور میں مزید 19 وینٹی لیٹڈ اور 11 ایچ ڈی یو بستروں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کورونا مریضوں کے علاج کے لیے مزید 5 آئی سی یو بستر اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 36 بستروں پر مشتمل ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ بنایا گیا۔ وزیر صحت نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چارسدہ میں 8 وینٹی لیٹڈ بستروں کا آئی سی یو وارڈ اور وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال رجڑ چارسدہ میں 32 بیڈز کا ایچ ڈی یو بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل چارسدہ میں کورونا کے پیچیدہ کیسز کے لیے کوئی سہولت میسر نہیں تھی۔ وزیر صحت کے مطابق کورونا مریضوں کے لیے سوات میں 25، نوشہرہ اور صوابی میں مزید 20، 20 بستروں کے ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس بنائے گئے ہیں۔ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ اگلے دوماہ میں صوبے میں مزید 1000 آئی سی یو اور ایچ ڈی یو بستروں کا اضافہ کیا جائے گا جس سے ہمیں کورونا کے مریضوں کے علاج معالجے میں آسانی میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آنے والے دنوں میں ہسپتالوں پر بڑھنے والے مریضوں کے بوجھ سے نمٹنے کے لیے تیاری کر رہی ہے اور اسی سلسلے میں پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں این ڈی ایم اے کے تعاون سے کورونا سنٹر بنا رہے ہیں جو کہ 50 آئی سی یو اور 150 ایچ ڈی یو بیڈز پر مشتمل ہو گا۔ دریں اثناء وزیر صحت تیمور جھگڑا نے انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز کے شعبہ انستھیزیا کے سربراہ ڈاکٹر عباس طارق اور بٹگرام میں تعینات ماہر امراض اطفال ڈاکٹر شاہ عالم کے کورونا سے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے اور دونوں ڈاکٹرز کی صوبے اور عوام کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کے انتقال پر دلی دکھ اور افسوس ہوا ہے اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند کرے۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز ہمارے ہیروز اور کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود سپاہی ہیں۔ انہوں نے دونوں ڈاکٹرز کو دعاؤں میں یاد رکھنے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ہم سب کی حفاظت کرے اور اس وباء سے نمٹنے کی توفیق عطا فرمائے

مزید :

صفحہ اول -