صوبہ بھر میں ملگری وکیلان کی کامیابی نظریے کی جیت ہے، غلام احمد بلور

صوبہ بھر میں ملگری وکیلان کی کامیابی نظریے کی جیت ہے، غلام احمد بلور

  

پشاور(سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور نے پارٹی کی وکلاء تنظیم ملگری وکیلان کو صوبہ بھر کے بار انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف ملگری وکیلان ہی نہیں بلکہ پوری پارٹی اور نظریے کی جیت ہے۔ صوبہ بھر میں 70فیصد سے زائد بار انتخابات میں کامیابی پر ملگری وکیلان کے تمام قائدین و اراکین داد کے مستحق ہیں۔ ڈسٹرکٹ بار پشاور کے نومنتخب صدر اختربلند کی قیادت میں بار کے کابینہ اراکین، ملگری وکیلان کے صوبائی صدر ارباب حیات اللہ خمینی، صوبائی جنرل سیکرٹری رفیق مومند، ملگری وکیلان ضلع پشاور کے صدر وکیل زمان خٹک اور ضلعی جنرل سیکرٹری فرمان علی مومند نے بدھ کے روز بلور ہاؤس میں حاجی غلام احمد بلور سے ملاقات کی۔ انہوں نے ایک بار پھر ملگری وکیلان کے صوبائی و ضلعی قائدین اور تمام نومنتخب صدور کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ملگری وکیلان باچاخان کے فلسفے کے ورثاء اور نمائندے ہیں جنہوں نے ہمیشہ پارٹی اور نظریے کی لاج رکھی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام نئی منتخب کابینے بنچ و بار کی حرمت اور تقدس پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔ خیبرپختونخوا میں ملگری وکیلان نے ثابت کردیا کہ وہ ہی اس نظام کے حقیقی وارث اور مالک ہیں۔ باچاخان کے فلسفہ عدم تشدد کا پرچار اور اسکی ترویج ہی ہمارا مقصد ہونا چاہیے۔ حق و سچ کے سفر میں ہر قسم کی قربانی دینی ہوگی تب ہی منزل تک پہنچیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -