کورونا وائرس کے باعث کرکٹ کا بڑا ایونٹ ملتوی کر دیا گیا، شائقین کرکٹ کیلئے افسوسناک خبر آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ستمبر میں بنگلہ دیش میں ہونے والا خواتین ایشیاءکپ ملتوی کردیا اور کورونا وائرس کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں پھیلی کورونا کی جان لیوا وباءکے باعث کرکٹ کی بڑی سیریز اور بڑے ٹورنامنٹ بھی شدید مشکلات اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں اور اب خواتین کرکٹ ایشیاءکپ ملتوی کردیا گیا ہے جبکہ حالات میں بہتری نہ آئی تو دیگر کرکٹ مقابلے بھی ملتوی ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل حالات بہتر ہونے پر نیا شیڈول طے کرے گا، جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ خواتین ایشیاءکپ ستمبر میں بنگلہ دیش میں ہونا تھا تاہم کرکٹ حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ بنگلہ دیش کی مشاورت سے ٹورنامنٹ نومبر ، دسمبر میں کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریاں جاری ہیں، ستمبر میں ایشیاءکپ ٹی20 ہونا ہے جبکہ اکتوبر میں آسٹریلیا میں اس کا کوالیفائنگ راؤنڈ شروع ہونا ہے۔
24 اکتوبر سے آئی سی سی ٹی 20 کا افتتاحی میچ میزبان آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان سڈنی میں شیدول ہے جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہالینڈ، آئرلینڈ اور انگلینڈ کا دورہ بھی کرنا ہے تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کا دورہ بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔