”سری لنکا نے ورلڈکپ 2011ءکا سیمی فائنل انڈیا کو فروخت کر دیا تھا “ سری لنکا کے سابق وزیر کھیل نے تہلکہ خیر انکشاف کر دیا

”سری لنکا نے ورلڈکپ 2011ءکا سیمی فائنل انڈیا کو فروخت کر دیا تھا “ سری لنکا کے ...
”سری لنکا نے ورلڈکپ 2011ءکا سیمی فائنل انڈیا کو فروخت کر دیا تھا “ سری لنکا کے سابق وزیر کھیل نے تہلکہ خیر انکشاف کر دیا

  

کولمبو (ڈیلی پاکستان آن لائن) سری لنکا کے سابق وزیر کھیل نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ 2011ءکے فائنل کو ’فکسڈ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اسے بھارت کے ہاتھوں بیچ دیا۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکن سابق وزیر کھیل مہندانند الوتھگا ماگے نے چونکا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2011 کا فائنل فکسڈ تھا، ورلڈ کپ فائنل میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب میں وزیر کھیل تھا تو اس وقت بھی یہی سوچتا تھا۔

2010 سے 2015ءتک سری لنکا کے وزیر کھیل رہنے والے الوتھگا ماگے اس وقت وزیر بجلی و توانائی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ابھی میں اس میچ کے ’پلاٹ‘ سے متعلق انکشاف نہیں کرنا چاہتا۔ 2011ءمیں ہم جیت رہے تھے لیکن پھر ہم نے میچ فروخت کر دیا اور میں محسوس کرتا ہوں کہ اب اس بارے میں بات کر سکتا ہوں ، میں کھلاڑیوں پر الزامات عائد نہیں کر رہا لیکن کچھ شعبے اس میں ملوث تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس وقت ہر بات نہیں بتا سکتا لیکن ایک دن ضرور بتاﺅں گا، ہمیں اس بات کی تحقیقات ضرور کرنی چاہئیں کہ 2011ءورلڈکپ کے فائنل میچ میں سری لنکن ٹیم کو کیا ہوا تھا۔

کرکٹ کرپشن کے واقعات نے پہلے ہی سری لنکن کرکٹ کے درودیوار ہلا کر رکھ دئیے ہیں اور اب سابق وزیر کھیل کے اس بیان نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے جبکہ آئی سی سی بھی مختلف پہلوؤں سے سارے معاملے پر تحقیقات کررہی ہے۔

سابق وزیر کھیل کے الزامات پر سری لنکن کرکٹر کمارا سنگاکارا کا کہنا ہے کہ اگر ان کے پاس اس میچ کے فکسڈ ہونے کے شواہد ہیں تو وہ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے حوالے کریں تاکہ اس بارے میں شفاف تحقیقات ممکن ہو سکیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھی کرکٹ تجزیہ کاروں نے سابق وزیر کھیل کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹرز کے بغیر کوئی میچ فکسڈ نہیں ہوسکتا۔

واضح رہے کہ 2011ءکے ورلڈ کپ کا انعقاد بھارت میں کیا گیا تھا جس کے سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو شکست ہوئی تھی جبکہ فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو شکست دے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ ورلڈ کپ فائنل میں سری لنکا نے بھارت کو 275 رنز کا ہدف دیا تھا جو بھارت نے ایم ایس دھونی اور گوتم گمبھیر کی شاندار کارکردگی کی بدولت باآسانی حاصل کرلیا تھا۔

مزید :

کھیل -