وزیر اعظم عمران خان کا داسو ڈیم کا دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا
کوہستان (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعظم عمران خان نے داسو ڈیم کا دورہ کیا ہے اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم نے منصوبے پرکام کرنیوالے مزد وروں سے بات چیت بھی کی۔
تفصیلات کے مطابق مزدورں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرا عظم عمران خان کا کہنا تھا کہ منصوبے پرکام کرنیوالے مزد وروں کوخراج تحسین پیش کرتاہوں،داسوڈیم پاکستان کیلئے بہت فائدہ مند ہے،اس پروجیکٹ سے سستی بجلی مہیاہوگی،ہمیں بہت پہلے داسو ڈیم جیسا کام کرنا چاہئے تھا، مہنگی بجلی ہرطرف مہنگائی لے کرآتی ہے،سستی بجلی سے عوام کو فائدہ ہوتا ہے اور مہنگائی میں بھی کمی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے تربیلا اور منگاڈیم کی وجہ سے ہمیں سستی بجلی ملتی تھی، منصوبے سے سب سے زیادہ فائد ہ انڈسٹری کو ہوگا، انڈسٹر ی تب چلے گی جب بجلی سستی ہوگی، دیامربھاشاڈیم بھی بڑا منصوبہ ہے۔
واضح رہے کہ داسو ہائیڈروپراجیکٹ، اپر کوہستان میں دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہو گا، ہر مرحلے کی تعمیر مکمل ہونے پر 2160 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی۔ پہلے مرحلے سے اپریل 2025 میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ داسو ڈیم کی مجموعی بجلی کی پیداواری صلاحیت 4320 میگاواٹ ہے۔