خیبرپختونخوا کا آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش ہوگا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کتنا اضافہ ہوگا، جانئے
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) خیبرپختونخواکے مالی سال 22-2021 کا بجٹ آج پیش ہوگا۔آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مزدورکی کم ازکم اجرت 21 ہزارروپے جبکہ گریڈایک سے 18 تک ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصداضافے کی تجویز دی گئی ہے۔گریڈ 19 سے 22 تک ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصداضافے کی تجویز زیر غور ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق وزیرخزانہ تیمورسلیم جھگڑا صوبائی اسمبلی کے اجلاس میںبجٹ پیش کریں گے۔آئندہ مالی سال کے بجٹ کاتخمینہ ایک ہزارارب روپے ہے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 350 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ قبائلی اضلاع کاترقیاتی بجٹ 120ارب سے زائدرکھے جانے کا امکان ہے۔
غیرملکی امدادکی مدمیں ملنے والے 89 ارب اوراین ایف سی ایوارڈکے تحت ضم اضلاع کوملنے و الے 40 ارب روپے اے ڈی پی میں شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ اے آئی پی پلان کے تحت ملنے والی رقم بھی اے ڈی پی میں شامل کی جائے گی۔اے ڈی پی میں 80 فیصدرقم جاری منصوبوں پر جبکہ 20 فیصدرقم نئی سکیموں پرخرچ کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کسان اور راشن کارڈسکیم سمیت صحت کارڈمیں جگرکی پیوندکاری اوراوپی ڈی سروسزشامل کرنے کی بھی تجویزدی گئی ہے۔