چین نے مصنوعی پائلٹ تیار کرلیے، کارکردگی انسانوں سے کئی گنا بہتر
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک ایسی چیز تیار کر لی ہے کہ سن کر اس کے حریفوں امریکہ اور بھارت کی نیندیں اڑ جائیں گی۔ میل آن لائن کے مطابق چینی سائنسدانوں نے مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے جنگی طیارے اڑانے والے پائلٹ تیار کر لیے ہیں جو تجربات میں حیران کن طور پر انسان پائلٹس کی نسبت کئی گنا زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ مصنوعی ذہانت کے حامل جنگی پائلٹس ٹریننگ کے دوران چین کے مایہ ناز پائلٹس کو بھی مار گرا رہے ہیں۔ چین کے نامور پائلٹ فینگ گویو(Fang Guoyu)بھی ان پائلٹس میں سے ایک ہیں جن کا طیارہ ٹریننگ کے دوران روبوٹ پائلٹ گرا چکے ہیں۔ روبوٹ پائلٹ کے ہاتھوں طیارہ تباہ کرانے کے بعد فینگ گویو کا کہنا تھا کہ ”اس روبوٹ پائلٹ نے مجھے نشانہ بنانے کے لیے اپنی ہی ’جنگی چالیں‘ استعمال کیں، جو اس سے پہلے میں نے کسی انسان پائلٹ کو استعمال کرتے نہیں دیکھا۔ ایک میں ہی نہیں، میرے کئی دیگر ساتھیوں کو بھی یہ روبوٹ پائلٹ شکست دے چکے ہیں۔“کہا جا رہا ہے کہ ابتدائی طور پر مصنوعی ذہانت کے حامل ان روبوٹ پائلٹس کو انسان پائلٹس کے معاون کے طور پربروئے کار لایا جائے گا۔