داتا دربار آنے والے کو پولیس نے آوارہ گردی کے الزام میں گرفتار کرلیا

داتا دربار آنے والے کو پولیس نے آوارہ گردی کے الزام میں گرفتار کرلیا
داتا دربار آنے والے کو پولیس نے آوارہ گردی کے الزام میں گرفتار کرلیا
سورس: Pixabay

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) گوجرانوالہ سے داتا دربار پر حاضری اور لاہور کی سیر کے لیے آئے نوجوان کو پولیس نے آوارہ گردی کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ ڈیلی ڈان کے مطابق 25سالہ محمد وقاص اور اس کے چار ساتھی گوجرانوالہ کے ایک نواحی گاؤں سے کرائے کی کار میں لاہور آئے تھے۔ یہ رات کا وقت تھا جب وقاص اکیلا شاہدرہ میٹرو بس سٹیشن پر کھڑا تھا۔ کرائے کی کار کا ڈرائیور گاڑی میں پٹرول ڈلوانے پٹرول پمپ پر گیا تھا جبکہ اس کے چاروں دوست رکشے پر داتادربار چلے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق اسی اثناء میں وہاں پولیس کی گاڑی آ گئی اور اہلکاروں نے وقاص سے پوچھ گچھ شروع کر دی۔ انہوں نے اس سے شناختی کارڈ مانگا جو اس نے دکھا دیا۔ اس کے باوجوداسے گرفتار کرلیا گیا اور تھانے منتقل کر دیا گیا۔ وقاص نے بتایا کہ ”وہ پیشے کے لحاظ سے حجام ہے۔ جب اسے گرفتار کرکے لے گئے تو چھوٹی سی حوالات میں 40لوگ پہلے ہی قید تھے۔ ان میں سے اکثر کو فون کالز آنے پر چھوڑ دیا گیا۔ تاہم مجھے اور دیگر لوگوں کو اگلی صبح عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے ہمیں شخصی ضمانت پر وارننگ دے کر رہا کر دیا گیا۔“