سابق بیوی کی قابل اعتراض تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے والے شخص کو 12سال قید اور 30لاکھ روپے جرمانے کی سزا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں اپنی سابق بیوی کی قابل اعتراض تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے والے شخص کو 12سال قید اور 30لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق ارشد حادی نامی اس مجرم نے 2016ء میں فیس بک پر ایک جعلی اکاؤنٹ بنا کر اپنی سابق بیوی کی قابل اعتراض تصاویر پوسٹ کی تھیں۔ اسے گرفتار کرکے ایسٹ کراچی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق مجرم کو سیشن جج خالد حسین شاہانی نے سزا سنائی۔شادی کے بعد میاں بیوی متحدہ عرب امارات میں رہتے تھے اور وہیں خاتون نے شارجہ کی ایک عدالت سے رجوع کرکے بیوی نے طلاق لی تھی۔ بعد ازاں اس نے اپنے شوہر کے خلاف ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرا دیا، جس میں دونوں کے مابین تصفیہ کرا دیا گیا۔
بعد ازاں خاتون واپس کراچی چلی آئی اور چند ماہ بعد اس کا سابق شوہر بھی کراچی آ گیا اور اپنے پاس موجود خاتون کی نازیبا تصاویر کی وجہ سے اسے بلیک میل کرنے کی کوشش کی اور انہیں آن لائن پوسٹ کرنے کی دھمکی دی۔ خاتون کے انکار پر اس نے تصاویر فیس بک پر پوسٹ کر دی تھیں۔