ہوٹل پر ٹی وی کی آواز تیز چلانے پر جھگڑا ، ڈنڈے ،سوٹے اور چاقو چھریاں چل گئیں ،سات افراد زخمی
سکھر(ڈیلی پاکستان آن لائن)ہوٹل پر ٹی وی کی آواز تیز چلانے پر میرانی اور ابڑو برادری میں جھگڑا ،دونوں گروپوں کے سات افراد زخمی ، ہسپتال منتقل ،پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچا لیا ،دونوں برادری کے ذمہ دار افراد گرفتار۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ نیو پنڈ کی حدود قریشی گوٹھ سکھر پر غلام مصطفیٰ ابڑو کے ہوٹل پر تیز آواز میں ٹی وی پر چلنے والے گانوں پر علاقے کے میرانی برادری کے افراد نے ہوٹل مالک کو آواز تیز چلانے سے منع کیا جس پر بات بگڑ گئی اور نوبت جھگڑے تک جاپہنچی، دونوں گروپوں کے درمیان چاقو اور لوہے کے سریوں اینٹوں اور لکڑیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا ،جھگڑے کے دوران ابڑو برادری کے چار جبکہ میرانی برادری کے تین افراد زخمی ہوگئے ۔
اطلاع ملنےپر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کرلیا زخمیوں کو سول ہسپتال سکھر روانہ کیا جبکہ کشیدہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے دونوں گروپوں کے اہم ذمہ دار افراد کو حراست میں لے لیا تاہم ابھی تک اس حوالے سے مقدمہ درج ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں ۔