سیاح خاتون ڈاکٹر اور انکے شوہر نے جھیل میں ڈوبنے والے لڑکے کی جان بچالی
گلگت (ویب ڈیسک) گلگت بلتستان کے سیاحتی مقام نلتر میں سیاح خاتون ڈاکٹر اور ان کے شوہر نے ست رنگی جھیل میں ڈوبنے والے لڑکےکو دل کی دھڑکن اور سانس کو بحال کرنے کے ہنگامی طریقہ کار (سی پی آر) دیکر جان بچالی۔
جیو نیوز کے مطابق 14جون کو نلتر ست رنگی جھیل میں مویشی چراتے ہوئے ایک لڑکا ڈوب گیا تھا جس پر لڑکے کو بچانے کیلئے اس کے چچا زاد نے بھی جھیل میں چھلانگ لگائی۔مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت دونوں لڑکوں کوبے ہوشی کی حالت میں جھیل سے نکالا اور اس دوران وہاں تفریح کی غرض سے آنے والی لیڈی ڈاکٹر قرۃ العین ہاشمی اوران کے شوہر نے دونوں لڑکوں کو طبی امداد دی۔
دونوں میاں بیوی نے دل کی دھڑکن اور سانس کو بحال کرنے کے ہنگامی طریقہ کار (سی پی آر) استعمال کیا جس سے ایک لڑکے کی سانس بحال ہوگئی تاہم دوسرا جاں بحق ہو گیا۔
ملتان سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر قرۃ العین ہاشمی کینسر سپیشلسٹ ہیں۔دونوں میاں بیوی کی لڑکے کو سی پی آر دیکر جان بچانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کی جانب سے ان کے اقدام کو سراہا جا رہا ہے۔