جہاں زیب برکی، مثالی افسر تھے!
سابق انسپکٹر جنرل پولیس جہاں زیب برکی بھی اللہ کو پیارے ہو گئے۔ان کی تدفین بھی ہو گئی اور دعائے مغفرت بھی کرلی گئی، جہاں زیب برکی نے پولیس میں بہت اچھا وقت گزارا، وہ ریٹائرمنٹ کے بعد نہیں بلکہ جوانی ہی میں پرہیز گار تھے۔بڑے محنتی اور دیانت دار پولیس افسر تھے جن کی اہلیت بھی مسلمہ تھی، جہاں زیب برکی کا دور ملازمت سب کے سامنے ہے۔انہوں نے اسی لاہور میں طویل عرصہ ایس پی سے آئی جی تک کی حیثیت میں ملازمت کی اور بہت بہتر نقش چھوڑے، جہاں زیب برکی ملنسار بھی بہت تھے اور ان سے مل کر افسری کا احساس نہیں ہوتا تھا۔ لاہور اور لاہور سے باہر ان کا دائرہ رفاقت اور دوستی بہت وسیع تھا، اخبار نویس بھی ان کا بہت احترام کرتے تھے کہ وہ کھرے انسان تھے۔پریشانی میں شہریوں کے خود بھی کام آتے اور اپنے ماتحت حضرات کو بھی تلقین کیا کرتے تھے۔
جہاں زیب برکی جیسے اہل اور دیانت دار افسروں کی ضرورت ہر دم رہتی ہے۔آج کے حالات میں ان جیسے افسروں کی ضرورت ہے اور ہماری دعا ہے کہ اس وقت جو بھی اعلیٰ افسر فرائض سرانجام دے رہے ہیں، وہ ان کے عمل کی پیروی کریں، اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے۔