ورلڈ کپ 2015 کے اسکواڈ میں جگہ بنانا چاہوں گا، ناصر جمشید

ورلڈ کپ 2015 کے اسکواڈ میں جگہ بنانا چاہوں گا، ناصر جمشید

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قو می کر کٹ ٹیم کے اوپنر ناصر جمشید نے کہا ہے کہ وزن گھٹانے کی کوشش میں فارم گنوا بیٹھا، فٹنس پر ضرورت سے زیادہ توجہ دینے سے بیٹنگ نظر انداز ہوگئی، غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھوں گا، ورلڈ کپ 2015کے اسکواڈ میں جگہ بنانا چاہتا ہوں۔ ناقص فارم کی وجہ سے قومی ٹیم سے ڈراپ ہونے والے اوپنر ناصر جمشید نے ایک انٹرویو میں بھارت کیخلاف مسلسل دو سنچریوں کو کیریئر کی یادگار اننگز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روایتی حریف سے سیریز میں اعتماد کی دولت سے مالا مال تھا، بعد ازاں بھی چند اچھی اننگز کھیلیں،چند دوستوں کا کہنا تھا کہ میں ٹی وی اسکرین پر خاصا فربہ نظر آتا ہوں، ان کا کہنا تھا کہ اگر سمارٹ ہوجاﺅں تو کھیل میں بھی نکھار آئے گا، انہی مشوروں کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی فٹنس بہتر بنانے کا پلان بنایا، وزن کم کرنے میں بھی کامیاب ہوگیا لیکن اس معاملے کو اتنی زیادہ اہمیت دی کہ بیٹنگ نظر انداز ہوگئی، تاہم اب اپنی غلطی سے سبق سیکھا ہے، خوراک کو بہتر اور فٹنس پلان بھی تبدیل کرلیا ہے،فٹنس اور فارم کے حوالے سے کافی بہتری محسوس کررہا ہوں، ملک میں ڈومیسٹک سیزن نہ ہونے کی وجہ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ اور پریکٹس کررہا ہوں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -