علی گیلانی کی صحت کے حوالے سے نواز شریف انتہائی تشویش میں مبتلا ہیں
نئی دہلی (کے پی آئی) بھارت میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے حریت کانفرنس گ کے چیئرمین سید علی گیلانی کی عیادت کے لئے نئی دہلی میں ان کی عارضی رہائش گاہ پر گئے ۔ اس موقع پر انہوں نے علیل رہنما کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ۔ باسط نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف گیلانی کی صحت کے حوالے سے انتہائی تشویش میں مبتلا تھے اور انہوں نے مجھے ہدایت کی کہ فوراً سے پیشتر ان کی صحت کا حال دریافت کروں اور بعدازاں وزیر اعظم کو مطلع کروں ۔ انہوں نے علیل رہنما کے پاس تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ گزارا ۔ اس موقع پر رابطہ عامہ سیکرٹری الطاف احمد شاہ ، ایڈووکیٹ محمد شفیع ریشی اور راجہ معراج الدین بھی موجود تھے جنہوں نے ہائی کمشنر کو گیلانی کی صحت ناسازی اور علاج و معالجے کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا اور ان کی خاطر تواضع کی ۔ باسط نے اس موقع پر کہا کہ پورے پاکستان کو گیلانی کی علالت کے حوالے سے فکر مندی لاحق تھی اور وہاں سے ہر کوئی ان کی صحت کے بارے میں جاننا چاہتا تھا ۔ خود وزیر اعظم میاں نواز شریف اور دوسرے وزراء اس سلسلے میں بار بار استفسار کرتے رہے اور وہ لمحہ بہ لمحہ ان کی حالت کے بارے میں جاننا چاہتے تھے ۔ دلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ گیلانی کی ضرورت نہ صرف کشمیر کو بلکہ پورے پاکستان کو ہے اور پورے ملک انہیں ایک بے بدل قائد کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے پاکستان میں مختلف پارٹیاں اور مختلف نظریات کے لوگ ہیں البتہ گیلانی کے حوالے سے ان سب کا موقف ایک جیسا ہے اور وہ وہاں سب کے دلوں میں رہتے ہیں ۔ ترجمان کے مطابق گیلانی اگرچہ بستر علالت پر ہیں ۔ البتہ انہوں نے پاکستانی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور ان کے ساتھ تھوڑی دیر تک بات چیت بھی کی ۔