خاتون امیدوار کو انٹرو یو کال نہ کرنے پرڈی سی او اور ای ڈی او سے جواب طلب

خاتون امیدوار کو انٹرو یو کال نہ کرنے پرڈی سی او اور ای ڈی او سے جواب طلب

  

لاہور (نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے سینئر سیکنڈری ایجوکیٹرز کی بھرتیوں کیلئے خاتون امیدوار کا نام انٹرویو لسٹ سے نکالنے کیخلاف درخواست پر ڈی سی او لاہور اور ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن سے جواب طلب کر لیا۔

جسٹس شہزاد ہ مظہر نے خاتون امیدوار رائمہ رحمان کی درخواست پر سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل جبران ایزد ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ تعلیم نے بیالوجی کے مضمون کیلئے سینئر سکینڈر ی ایجوکیٹرز کی بھرتیوں کیلئے اشتہار دیاتھا جس کے جواب میں درخواست گزار نے بھی درخواست دی اور شرائط کے مطابق این ٹی ایس ٹیسٹ میں57فیصد نمبر لے کر انٹرویو کیلئے کوالیفائی کیا، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ انٹرویو کیلئے جب امیدواروں کی لسٹ آویزاں کی گئی تو معلوم ہوا کہ درخواست گزار کا نام انٹرویو لسٹ میں شامل نہیں ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے ایم ایس سی میڈیکل ٹیکنالوجی کیا ہوا ہے جو کہ بیالوجی کا ذیلی مضمون ہے جبکہ مدعا علیہان اسے بیالوجی کے مساوی ماننے کے تیار نہیں ۔ عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد ڈی سی او لاہور اور ای ڈی او ایجوکیشن سے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔

مزید :

علاقائی -