محکمہ تعلیم قصور نے قواعد وضوابط کی دھجیاں بکھیردیں،تبادلے کے احکامات منسوخ

محکمہ تعلیم قصور نے قواعد وضوابط کی دھجیاں بکھیردیں،تبادلے کے احکامات منسوخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)محکمہ تعلیم قصور نے قواعد وضوابط کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے غیر قانونی پر سیریس مس کنڈکٹ ،نا اہلی اور قابل اعتراض رویہ اپنانے کے جرم میں ایڈمنسٹریٹو گراﺅنڈز پرتبدیل کی جانیوالی گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول تحصیل چونیاں ضلع قصور کی عربی ٹیچر صغریٰ بی بی کا تبادلہ منسوخ کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں جس پر سکول سٹاف ، طالبات اور والدین میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوںنے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمدخان ، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ، ڈی پی آئی ایلیمنٹری ایجوکیشن پنجاب سمیت محکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ حکام سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے مطالبہ کیاہے ۔ایگزیٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن قصور یوسف اطہر کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم کے قوانین کے مطابق سروس سرنڈر کرنے کے بعد ڈسپوزل پر بھیجنے والی خاتون ٹیچر کو واپس اسی سکول میں نہیں لایا جا سکتا مگر مذکورہ واقعے میں شدید سیاسی دباﺅ کا سامنا تھا۔ تفصیلات کے مطابق معلوم ہواہے کہ گزشتہ 2سال کے عرصہ کے دوران سکول ہذا کی عربی ٹیچر صغریٰ بی بی نے اپنی ساتھی اساتذہ ، طالبات اور ان کے والدین کے ناک میں دم کر رکھا تھا جبکہ ساتھی ٹیچرز سمیت دیگر عملہ ، طالبات اور ان کے والدین کے ساتھ ناروا ، ہتک آمیز ، قابل اعتراض رویہ ، گالم گلوچ ، لڑائی مار کٹائی بھی معمول بن چکی تھی۔ اسی دوران ایک ماہ قبل مذکورہ ٹیچر نے سکول کے اوقات کے دوران دیگر سٹاف ممبران اور طالبات کی موجودگی میں ساتھی خاتون ای ایس ٹی ٹیچر کے ساتھ نہ صرف غلیظ زبان استعمال کی بلکہ اسے تھپڑ مارتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اسسٹنٹ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز ایلیمنٹری زنانہ چونیاں وقصور نے سنگین و افسوسناک صورتحال کا علم ہونے پر ابتدائی انکوائری کے بعد جرم ثابت ہونے کی روشنی میں عربی ٹیچر صغریٰ بی بی کو فوری طور پر تبدیل و سرنڈر کرتے ہوئے اس کی خدمات ای ڈی او ایجوکیشن قصور کے سپرد کر دیں اور اس کے خلاف پیڈاایکٹ 2006 کے تحت مزید محکمانہ کاروائی و انکوائری کابھی حکم دیامگر ای ڈی او اےجوکےشن قصور نے غیر قانونی طور پر سیاسی دباﺅ کے تحت محکمہ تعلیم کے تمام متعلقہ رولز اےنڈ ریگولےشنز کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سیریس مس کنڈکٹ پر ایڈمنسٹریٹو گراﺅنڈ ز کی روشنی میں سرنڈر کی گئی خاتون عربی ٹےچر صغری ٰبی بی کو قصور سے دوبارہ واپس اسی گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول تریڈیوالہ چک نمبر 13 تحصیل چونیاں ضلع قصور میں بھیجنے کا حکم جاری کردیاہے جہاں سے اسے تبدیل کیاگیا تھا۔ یہاں یہ بات بھی قابل تذکرہ ہے کہ عربی ٹیچر کا تبادلہ منسوخ ہونے پر جہاں دیگر خواتین اساتذہ اور طالبات میں شدید عدم تحفظ کا احساس پایا جاتاہے وہیں کسی بھی وقت کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے کا بھی احتمال ہے۔ اہلیان علاقہ نے ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ تعلیمی اداروں کاتقدس بحال ، خوشگوار ماحول کو یقینی بنانے ، بہتر طریقے سے تعلیمی و تدریسی سرگرمیاں جاری رکھنے ، قواعد وضوابط کی بالادستی کیلئے متنا زع عربی ٹیچر صغریٰ بی بی کو فوری طور پر سکول سے تبدیل کیاجائے تاکہ سکول کی دیگر اساتذہ ، سٹاف ممبران ، طالبات اور ان کے والدین سکھ کاسانس لے سکیں۔ انہوںنے مزید کہاکہ اگر صغریٰ بی بی کی تعیناتی کے دوران کوئی افسوسناک واقعہ رونما ہواتو اس کی ذمہ داری محکمہ تعلیم قصور کے حکام پر عائد ہو گی۔
محکمہ تعلیم

مزید :

صفحہ آخر -