تھر میں ہنگامی اور جنگی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں،ریلیف کمشنر پنجاب
لاہور(کامرس رپورٹر)وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر خشک اور قحط سالی کا شکار صوبہ سندھ کے علاقہ تھر میں ہنگامی اور جنگی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔پی ڈی ایم اے نے پنجاب متاثرین کو فوری ریلیف کے لئے ماسٹر پلان تیار کر لیا ہے اور بلا تاخیر حیدرآباد اور دیگر مضافاتی علاقوںکے متاثرین کے لئے خوراک کے بیگ، پانی اور دیگراشیاءضروریہ خریدی جارہی ہیں۔اس امر کا اظہار ریلیف کمشنر ندیم اشرف نے آج تھر متاثرین کو فراہم کی جانے والی امدادی سرگرمیوں بارے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ریلیف کمشنر پنجاب نے کہا کہ پی ڈی ایم اے ماسٹر پلان کے مطابق مقامی طور پر اچھی اور معیاری خوراک کے 21.500 کلو گرام پر مشتمل تھیلے تیارکروا کر فوری طور پر متاثرین تھر کو مہیا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تھر کے لئے پنجاب سے روانہ کئے گئے ٹرک تھر پہنچ چکے ہیںاورمقامی انتظامیہ کے ہمراہ متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آج تھر کی تحصیل ڈپلوکے متاثرین میں فوڈ ہیمپرز کے3200 بیگ تقسیم کئے گئے جبکہ منرل واٹر کی6400 بوتلیں بھی دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز تھر کے دو مقامات کھاکھری ہار اور تالو کا ڈپلو کے متاثرین میں 600 فوڈ ہیمپرز اور 1200 منرل واٹر بوتلیں دی گئیں ہیں۔
ریلیف کمشنر پنجاب