کینٹ کچہری میں ٹاؤٹوں کا راج اور ناقص سیکیورٹی ،وکلاء ،سائل مشکلات کا شکار

کینٹ کچہری میں ٹاؤٹوں کا راج اور ناقص سیکیورٹی ،وکلاء ،سائل مشکلات کا شکار

  

لاہور(اپنے نمائندے سے)لاہور کینٹ کچہری مسائل کا گڑھ بن گئی ،ارباب اختیار کی عدم توجہ کے باعث پینے کے پانی کی عدم دستیابی،ٹاؤٹ مافیا کا راج،سر عام رشوت وصولی،ناقص سکیورٹی،جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر وں نے کچہری کے حسن کو گہنا دیا ،وکلاء حضرات اور سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا،روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے وکلاء ڈاکٹر محمد اشرف،چودھری عباس،شکیل احمد بھٹی،سید طاہر حسین بخاری،میاں علی عمران،بلال احمد شیخ ،محمد احسن،ثامر جاوید میر،محمد یوسف خان اور عباد جوئیہ نے کہا کہ اس وقت لاہور کی حدود میں قائم تینوں کچہریوں میں کینٹ کچہری انتہائی زبوں حالی کا شکا رہے ،جگہ جگہ گندگی کے ڈھیروں نے تعفن پھیلایا ہوا ہے ،کچہری میں کچھ کمرے ایسے ہیں جن کو عرصہ دراز سے گرا دیا گیا ہے جن کی صرف دیواریں کھڑی ہیں ،بارش کے پانی اور کوڑا کرکٹ کی وجہ سے یہ کمرے کسی کچرا دان کا منظر پیش کر رہے ہیں اس کے علاوہ آوارہ کتے اور جانور سر عام کچہری میں پھرتے رہتے ہیں ، سائل محمد رضوان،علی شاکر،صابر علی اور صدیق ڈوگر نے کہا کہ ہم ادھر ایک مقدمہ میں پیشی پر آئے ہیں ادھر پینے کے پانی کا کوئی انتظام ہے نہ ہی کوئی انتظار گاہ ہے۔ سائل محسن گوندل،عدنان علی،عمر بٹ اور امجد علی نے کہا نے ہم ادھر ڈومیسائل بنوانے کے لئے آئے ہیں لیکن اند ر داخل ہوتے ہی ہر طرف ٹاؤٹ مافیا کا راج ہے ،چالان چھڑوانے سے لے کر ،ڈومیسائل،تصدیق نامہ اور دوسری تمام دستاویزات سستے داموں بنانے کا لالچ دے کر گھیرنے کی کوشش کرتے ہیں ،کوئی بھی کام ہو رشوت اور مک مکا کے بغیر ممکن نہیں۔ محمد عاقل،جواد خان،رضوان نقوی اور مبشر حسین نے کہا کہ اس وقت لاہور کی کینٹ کچہری مکمل طور پر ایک سیکیورٹی رسک ہے جہاں سکیورٹی کا مناسب انتظام نہیں ،مین گیٹ پر ڈیوٹی دینے والے پولیس اہلکار اپنی دیہاڑی کے چکر میں صرف ان لوگوں کو چیک کرتے ہیں جو مجبوری میں اپنا کام کروانے آتے ہیں ۔رجسٹریشن برانچوں میں اربوں کی پراپرٹی کے ریکارڈ کی حفاظت کے لئے نہ تو سکیورٹی کیمرے ہیں اور نہ کسی ناگہانی صورتحال سے نپٹنے کے لئے حفاظتی آلات ہیں،ستم بالائے ستم یہ ہے کہ ان عدالتوں میں کام کرنے والے سرکاری اہلکار اور رجسٹریشن برانچوں میں تعینات ملازمین بھی اس طرف سے غافل ہیں ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -