اساتذہ کا پریس کلب کے باہر مطالبات کے حق میں احتجاج ،نعرے بازی

اساتذہ کا پریس کلب کے باہر مطالبات کے حق میں احتجاج ،نعرے بازی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( خبرنگار) پنجاب بھر کے تمام اضلاع سمیت مرکزی صدر سید سجاد اکبر کاظمی کی زیرقیاد ت ضلع لاہور کے کثیراساتذہ و عہدیداران پنجاب ٹیچرز یونین لاہور نے پریس کلب لاہور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔اس موقع پر اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے رانا لیاقت علی ، اسلم گھمن،سعید نامدار،میاں ارشد،چوہدری محمد علی،مصطفٰے سندھو ،ملک سجاد،رانا خالد،مرزا طارق،طاہرالاسلام ،حافظ نذیرگجر،ذوالفقار احمد،اکرم بٹ نے کہا کہ کلیریکل ودرجہ چہارم ملازمین کے گریڈ اپ کر دےئے گئے ہیں لیکن اساتذہ کی تعلیمی قابلیت ان سے کہیں زیادہ ہے ۔ایم فل اور پی ایچ ڈی اساتذہ جونےئر کلرک سے کم پے سکیل میں کام کر رہے ہیں ۔اساتذہ کی اپ گریڈیشن کیلئے مسلسل وعدہ خلافیاں کی جا رہی ہیں ۔ مفاد پرست عناصر میونسپل اساتذہ کا استحصال کر رہے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا قیام اور گورنمنٹ سکولوں کی پیف کو حوالگی دراصل محکمہ تعلیم سکولز پنجاب کو ختم کرنے کی سازش ہے۔ حکو مت پنجا ب دراصل اپنی آئینی و بنیادی ذمہ داری پوری طرح ادا کرنے کی بجائے ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن ہے ۔ شرکاء سے مرکزی صدر سید سجاد اکبر کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ پر امن ہیں احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے۔حکمران تعلیمی پالیسیاں اور اصلاحات مرتب کرتے وقت اساتذہ سے مشاورت کریں۔ اور حسب وعدہ اساتذہ کی پوسٹیں اپ گریڈ کی جائیں۔طلباء غیر حاضری ،ڈراپ آؤٹ،پیک،بورڈ اور LND رزلٹ پر اساتذہ کو سزائیں دینے کا سلسلہ بند کیا جائے اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ہر جمعرات کو احتجاج کیا جائے گا۔