فلم کا مزاج سمجھے بغیر معیاری فلم نہیں بنائی جا سکتی، اداکارہ ثناء

فلم کا مزاج سمجھے بغیر معیاری فلم نہیں بنائی جا سکتی، اداکارہ ثناء
 فلم کا مزاج سمجھے بغیر معیاری فلم نہیں بنائی جا سکتی، اداکارہ ثناء

  

لاہور(این این آئی) اداکارہ ثنا نے کہا ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی بہتری اوربقا کے لیے نوجوان فلم میکرز کوسینئرز کی رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔مل کرکام کرنے اوراپنے سینئرزکی صلاح کے ساتھ مثبت نتائج ملیں گے۔اپنے ایک انٹرویو میں اداکارہ ثنا نے کہا کہ پاکستان میں فلمسازی کا عمل بڑی تیزی سے جاری ہے ۔ ایک طرح سے دیکھا جائے تویہ بہت خوش آئند بات ہے کہ ٹی وی سے تعلق رکھنے والے پروڈیوسراور ڈائریکٹر اب فلمسازی کے شعبے میں کام کررہے ہیں لیکن ان کا انداز فلم جیسا نہیں لگتا۔آج کی فلمیں دیکھ کرایسا ہی محسوس ہوتا ہے کہ بڑی اسکرین پرڈرامہ دیکھ رہے ہوں۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی سے فلمیں بن رہی ہیں لیکن فلم کی کہانی، میوزک اورفنکاروں کے انتخاب پرخاص توجہ نہیں دی جارہی۔ فلم کا ایک اپنا مزاج ہے، جس کوسمجھے بنا فلم نہیں بنائی جاسکتی۔ اگردیکھا جائے توگزشتہ چند برسوں کے دوران بہت سی فلمیں سینما گھروں کی زینت بن چکی ہیں۔ان کی تشہیری مہم بھی بھرپورانداز سے چلائی گئی ہے لیکن اس کے باوجود وہ نتائج سامنے نہیں آئے جن کی توقع کی جارہی تھی۔اس لیے ضروری ہے کہ سینئرز کی رہنمائی کے علاوہ میوزک کے شعبے پرخاص توجہ دی جائے۔ اگرایسا نہ کیا گیا تو پھر حالات جوں کے توں رہیں گے۔ جس طرح ماضی میں فلم انڈسٹری پرشدیدبحران کا راج رہا ہے، دوبارہ سے حالات اسی طرف جانے لگیں گے اورشائقین فلم سینماگھروں سے دور ہو جائیں گے۔

مزید :

کلچر -