انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کاروباری رجحان بڑھانے کیلئے سمیڈا کا ساتھ دیگی

انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کاروباری رجحان بڑھانے کیلئے سمیڈا کا ساتھ دیگی

  

لاہور(کامرس رپورٹر)انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر معصوم یا سین زئی نے نوجوانوں میں کاروباری رجحان کی حوصلہ افزائی کیلئے سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھار ٹی ’سمیڈا‘ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی یونیورسٹی اس مقصد کیلئے سمیڈا کا بھرپور ساتھ دے گی۔انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی اور سمیڈا کے اشتراک سے ’’کاروبار بطور کیرئیر ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ایک سمینیار کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت بے روزگاری کے حوالے سے بہت بڑے چیلنج کا سا منا ہے جس سے نمٹنے کیلئے نوجوانوں میں اپنے کاروبار شروع کرنے کے رجحان کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔سیمینار سے سمیڈ ا کے مینیجر آؤٹ ریچ جاوید افضل ، اے اینڈ ایف کنسلٹنگ کے ڈائریکٹر اطہر جمیل اور اسلامی یونیورسٹی کے استاد ڈاکٹر عارف سلیم نے بھی خطاب کیا۔انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے ریکٹر نے اپنے خطاب کے دوران نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار شروع کرنے کیلئے حکومتی ترغیبات سے استفادہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ نجی کاروبار کو اپنا کر نوجوان نہ صرف اپنے خاندان کی خوشحالی کا سبب بنیں گے بلکہ اس سے ملک میں بے روزگاری کی شرح میں بھی کمی واقع ہوگی۔

انہوں نے فروغ کاروبار کے موضوع پر سیمینار کے انعقاد پر سمیڈا کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

کامرس -