وزیراعظم سمیت کسی سیاسی شخصیت نے نیب کی کارروائیوں میں مداخلت نہیں کی، چیئرمین نیب کا لاہور ہائیکورٹ کو جواب

وزیراعظم سمیت کسی سیاسی شخصیت نے نیب کی کارروائیوں میں مداخلت نہیں کی، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کو چیئرمین نیب نے تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ وزیر اعظم سمیت کسی سیاسی شخصیت نے نیب کی کارروائیوں میں مداخلت نہیں کی،نیب آزادانہ طور پر کام کر رہا ہے اور کوئی اس کے کام میں مداخلت نہیں کر رہا۔چیئرمین نیب قمر الزماں کے اس تحریری بیان کے بعد مسٹر جسٹس شاہد وحید نے گوہر نواز سندھو ایڈووکیٹ کی طرف سے دائردرخواست نمٹا دی جس میں وزیراعظم کے نیب سے متعلق بیان کی بنا پر موقف اختیار کررکھا تھا کہ وزیراعظم نیب کے معاملات میں مداخلت کررہے ہیں ،اس درخواست پر فاضل جج نے چیئرمین نیب سے جواب طلب کیا تھا ۔گزشتہ روز ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب چودھر خلیق الرحمان نے چیئرمین نیب کا تحریری جواب عدالت میں پیش کیا، جواب میں چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب ایک آئینی طور آزاد ادارہ ہے اور آزادانہ طور پرکام کر رہا ہے، میگا سکینڈلز سمیت تمام کرپشن کیسز کی شفاف تحقیقات جاری ہیں، وزیر اعظم سمیت کسی سیاسی شخصیت نے نیب کی کسی کارروائی میں مداخلت نہیں کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وزیر اعظم کاوہ بیان ریکارڈ پر موجودہے جس میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ نیب لوگوں کی پگڑیاں نہ اچھالے ، وزیر اعظم کا بیان نیب کی کارروائیوں میں مداخلت کے برابر ہے، وزیر اعظم کے بیان کے بعد نیب کے تفتیشی افسر آزادانہ کام کرنے سے گریزاں ہیں، عدالت نے دلائل سننے کے بعد ریمارکس دیئے کہ جب ادارے کا سربراہ کہہ رہا ہے کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا جا رہا تو پھر اس معاملے پر مزید کسی کارروائی کی ضرورت نہیں ہے، عدالت نے چیئرمین نیب کے بیان کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے وزیر اعظم کی مبینہ مداخلت کے خلاف دائردرخواست نمٹا دی۔

مزید :

صفحہ آخر -