عالمی میڈیکل ایجوکیشن کانفرنس کا انعقاد بہت بڑا اعزاز ہے ،ڈاکٹر حفیظ اللہ

عالمی میڈیکل ایجوکیشن کانفرنس کا انعقاد بہت بڑا اعزاز ہے ،ڈاکٹر حفیظ اللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( پاکستان نیوز)خیبرمیڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو)پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمدحفیظ اللہ نے کہاہے کہ صوبے میں بدامنی کے واقعات کے باوجود تین روزہ بین الاقوامی میڈیکل ایجوکیشن کانفرنس کاانعقاد کے ایم یو کے ساتھ ساتھ پورے صوبے کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ کانفرنس میں سامنے آنے والی تجاویزاور سفارشات کوعملی شکل دینے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وہ کے ایم یو اور اے ای ایم ای کے اشتراک سے منعقد ہونے والی تین روزہ بین الاقوامی میڈیکل ایجوکیشن کانفرنس کے منتظمین اورمختلف میڈیکل کالجز کے سربراہان میں شیلڈز اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر اے ای ایم ای کے سیکرٹری جنرل اور اسراء یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمر علی خان، خیبرمیڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسن خٹک، خیبرگرلز میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹرعابد حسین، خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر غلام رسول، رحمان میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر طارق مفتی ،کے ایم یو کے ڈائریکٹر اکیڈیمکس پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس سعیدی،ڈاکٹر عثمان محبوب اور کانفرنس کی چیف آرگنائزر ڈاکٹر بریخنا جمیل کے علاوہ فیکلٹی اور طلباء وطالبات کی ایک بڑی تعدا دبھی موجود تھی۔پروفیسر حفیظ اللہ نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن کانفرنس کی خاص بات اس میں 24سے زائد موضوعات پر ورکشاپ کاانعقاد تھا جس میں شرکاء کو ان موضوعات کے مختلف پہلوؤں کو سمجھنے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے مخصوص حالات کے باوجود امریکہ، برطانیہ، جاپان، سعودی عرب، مصر، ملائشیا اور ملک کے دیگر شہروں سے ماہرین کی بڑی تعداد میں شراکت میڈیکل ایجوکیشن کے ساتھ ان کی کمٹمنٹ اور کے ایم یو پر ان کے بھرپور اعتماد کاعملی ثبوت ہے۔ انہوں نے اے ای ایم ای کی جانب سے کے ایم یو میں کانفرنس کے انعقاد پر شکریہ اداکرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ باہمی اشتراک کا یہ سلسلہ آئندہ بھی اسی جوش اورجذبے سے جاری رکھا جائے گا۔آخر میں پروفیسرحفیظ اللہ اور پروفیسر عمر علی خان نے مختلف میڈیکل کالجز کے سربراہان او رکانفرنس کے منتظمین میں شیلڈز اورسرٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔#