کوہاٹ ،انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثہ ،1 جاں بحق ،8 زخمی

کوہاٹ ،انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثہ ،1 جاں بحق ،8 زخمی

  

کوہاٹ(بیورورپورٹ) کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثات میں بیرون ملک جانیوالا ایک مسافر جاں بحق اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 8افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹریفک کا پہلا حادثہ پرانا ٹول پلازہ کے قریب دو موٹر کار گاڑیوں کے مابین پیش آیا جہاں ڈیرہ اسماعیل خان سے پشاور جانے والی موٹر کار نمبر سندھ AVC.062مخالف سمت سے آنیوالی موٹرکا ر نمبر MN.2584سے ٹکرا گئی جسکے نتیجے میں پشاور ہوائی اڈہ سے بیرون ملک جانے والا ڈیرہ اسماعیل خان کا رہائشی محمد آصف گوہر موقع پر دم توڑ گیاجبکہ ٹریفک کے اس حادثے میں پانچ مسافر خان رازق،میر الٰہی،شفیع اللہ ساکنان وزیرستان ،اکبر حسین سکنہ لوئر دیر اور شبیر محمد ساکن بنوں زخمی ہوگئے ۔جاں بحق اور زخمی ہونیوالے افراد کو فوری طور پر کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس تھانہ بلی ٹنگ نے جائے حادثہ پر پہنچ کر حادثے کا شکار دونوں گاڑیاں تحویل میں لے لیں اور واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ۔ادھر کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹنل کے قریب سیکیورٹی فورسزکی گاڑی اور ٹرک کے مابین پیش آنے والے ایک اور ٹریفک حادثے میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کوپشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان لے جانے والی ڈبل کیبن پک اپ گاڑی مخالف سمت سے آنیوالی تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا گئی جسکے نتیجے میں کیپٹن کریم ،نائیک محمد اسحاق اور سپاہی محمد انیس زخمی ہوگئے جبکہ حادثے کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو کافی نقصان پہنچا۔ٹریفک حادثے میں زخمی سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو سی ایم ایچ کوہاٹ لایا گیا جہاں انکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -