ہائی کورٹ :پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی رکوانے کی درخواست مسترد، درخواست گزارپر10ہزار روپے ہرجانہ عائد

ہائی کورٹ :پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی رکوانے کی درخواست مسترد، درخواست ...
ہائی کورٹ :پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی رکوانے کی درخواست مسترد، درخواست گزارپر10ہزار روپے ہرجانہ عائد

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے سابق صدرپرویزمشرف کی بیرون ملک روانگی روکنے کے لئے دائرمتفرق درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار پر 10ہزار روپے ہرجانہ عائد کردیا۔فاضل جج نے درخواست گزار کی بنیادی درخواست کی سماعت کو بھی ہرجانہ کی ادائیگی سے مشروط کردیا ہے ۔عدالت نے قرار دیا کہ بلاجواز اور سستی شہرت کے لئے کی جانے والی مقدمہ بازی کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی ۔درخواست گزار سید اقتدار حیدر نے اپنی درخواست میں موقف اختیارکیا تھاکہ پرویزمشرف پرسنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں ،اس کے باوجود پرویز مشرف کوبیرون ملک جانے کی اجازت دے دی گئی ہے ،آئین کے آرٹیکل 6 پرعملدرآمد کرایا جائے اورپرویز مشرف کو بیرون ملک جانے سے روکا جائے۔ عدالت نے استفسارکیا کہ اس درخواست کے ذریعے آئین پرکیسے عمل درآمد کیا جا سکتا ہے جس پر درخواست گزارتسلی بخش جواب نہ دے سکے۔عدالت نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے قرار دیا کہ وہ سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے مختلف شخصیات کے خلاف بے بنیاد درخواستیں دائر کرتے ہیں،عدالتیں بے بنیاد اورجعلی درخواست بازی کی حوصلہ افزائی نہیں کرے گی،عدالت نے درخواست گزار کو بے بنیاد درخواست دائرکرنے پر10 ہزار روپے ہرجانہ عائدکرتے ہوئے درخواست مسترد کر دی،عدالت نے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی ہے کہ جب تک درخواست گزار ہرجانہ کی رقم ادا نہ کریں ان کی بنیادی درخواست سماعت کے لئے عدالتی بنچ میں پیش نہ کی جائے ۔

مزید :

لاہور -