ناموس رسالت ﷺپر مرمٹنے والوں کا نام زندہ رہتا ہے ،آئندہ مقابلہ ’’غلامان رسول ﷺاور غلامانہ اوباما ‘‘کے درمیان ہوگا: سینیٹر سراج الحق

ناموس رسالت ﷺپر مرمٹنے والوں کا نام زندہ رہتا ہے ،آئندہ مقابلہ ’’غلامان ...
ناموس رسالت ﷺپر مرمٹنے والوں کا نام زندہ رہتا ہے ،آئندہ مقابلہ ’’غلامان رسول ﷺاور غلامانہ اوباما ‘‘کے درمیان ہوگا: سینیٹر سراج الحق

  

حیدرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ تاریخ میں ناموس رسالت ﷺپر مرمٹنے والوں کا نام زندہ رہتا ہے ' قوم تحفظ ناموس رسالت  ﷺکے لئے متحد ہے آئندہ مقابلہ ’’غلامان رسول ﷺاور غلامانہ اوباما ‘‘کے درمیان ہوگا'معاشی اور نظریاتی کرپشن کے خاتمے کی تحریک کا آغاز حیدرآباد سے کردیا' 2اپریل کو اسلام آباد میں دینی و سیاسی جماعتیں متفقہ لائحہ عمل مرتب کریں گی ، ملک سے مشرف کا جانا ایک المیہ ہے عدالت نے مشرف کے معاملے پر ذمہ داری پوری نہیں کی ، اسٹیبلیشمنٹ نے کراچی میں ایک ہاتھ میں ڈنڈا دوسرے کے ہاتھ میں جھاڑوں پکڑا دیا ہے

حیدرآباد میں عظیم الشان ناموس رسالت ﷺمارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حیدرآبادکا عظیم الشان جلسہ اس بات کی علامت ہے کہ تمام تر کوششوں کے باوجود آج بھی لوگوں میں نبی مہربان ﷺ کے نام پر مرمٹنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کے وقت بھی یہ ہی جذبہ تھا، نبی کریم ﷺ سے محبت کوئی چوائس نہیں زندگی کا مقصد ہے ،جس کی بدولت صحابہ کو جنت کی بشارت ملی ،جس کے دل میں عشق رسول ﷺ جتنا زیادہ تھا اسے اتنا ہی مقام اللہ نے دیا ۔انہوں نے کہاکہ امام حسینؓ کے سر کاٹنے والے بھی خود کو مسلمان کہتے تھے لیکن تاریخ میں آج امام حسینؓ کا نام زندہ ہے ، یزید کا نہیں اور تاریخ میں ناموس رسالت ﷺپر مرمٹنے والوں کا نام ہی زندہ رہتا ہے ، لیکن آج افسوس کا مقام ہے کہ پاکستانی حکمرانوں نے 14سو سال بعد یزید کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ عاشق رسول ﷺ ممتاز قادری کا خون قیامت تک تمہارا پیچھا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ ریمنڈ ڈیوس نے دو پاکستانیوں کو قتل کیا اسے رہا کردیا ،لیکن ممتاز قادری کے فیصلے میں نظریہ ضرورت کا سہارا لیا، قوم کی مائیں ' بہنیں بیٹیا ں آج بھی عافیہ صدیقی کے ساتھ انصاف کی منتظر ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کے معاملے پر عدالت نے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے بجائے اسے سیاسی حکومت کو دے دیاجس نے اپنے دعوؤں کے برعکس رات کی تاریکی میں مشرف کو نکال دیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پوری قوم نے ثابت کردیا کہ وہ ناموسِ رسالت ﷺ پر مرمٹنا جانتی ہے ،تاریخ میں وہ لوگ ہمیشہ زندہ رہیں گے جو ناموسِ رسالت  ﷺ پر جان قربان کرتے ہیں، کراچی کے بعد حیدرآباد کے عوام نے آج عاشقانِ رسول ﷺ ہو نے کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ہم کسی قیمت پر نظریہ پاکستان پر سودا نہیں ہونے دیں  گے ،یہ ملک لاکھوں قربانیوں کے بعد اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ، ہم اسے اسلامی و خوشحال پاکستان بنائیں گے ۔

مزید :

قومی -