یوفون بلوچستان فٹبال کپ: خدائی داد قلندرنی کلب کی کامیابی
کراچی(پ ر) یوفون بلوچستان فٹ بال کپ کا ناک آؤٹ مرحلہ اور کوالیفائرز جاری ہیں۔ خضدار کی خدائی داد قلندرنی فٹ بال کلب (ایف سی) نے ایلی مینٹر راؤنڈ میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان ریزیڈنشل کالج گراؤنڈ پر دو ناک آؤٹ میچز 15 مارچ کو کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں خدائی داد قلندرنی نے بلوچستان ریزیڈنشل کالج کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ اس کانٹے دار مقابلے کے دوران فاتح ٹیم کا واحد گول توسین احمد نے دوسرے ہاف میں اسکور کیا۔ دوسرے میچ میں باب بلوچستان ایف سی نے فرینڈز ایف سی کو صفر کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی۔ کھیل کے پہلے ہاف میں کافی سخت مقابلہ رہا۔ تاہم دوسرے ہاف میں باب بلوچستان نے اس وقت برتری حاصل کرلی جب محمد عرفان نے لگاتار دو گول اسکور کئے جبکہ محمد ساجد نے ایک گول اسکور کیا۔بلوچستان ریزیڈنشل کالج گراؤنڈ میں 16 مارچ کو خدائی داد قلندرنی اور باب بلوچستان ایف سی کے درمیان سنسنی انگیز کوالیفائر کھیلا گیا جس میں خدائی داد قلندرنی نے سخت مقابلے کے بعد 2 گول کے مقابلے میں 3 گول سے فتح حاصل کرنے کے ساتھ ایلی مینٹر مرحلے میں بھی رسائی حاصل کرلی۔ یہ اب 27 مارچ کو کوئٹہ میں کھیلا جائے گا۔ فاتح ٹیم کے توسین احمد، محمد سعید اور بابرک نے ایک ایک گول اسکور کئے ۔