پاکستان مطالبات پورے نہیں کرتا تو اسکی 2بلین ڈالر امداد روکی جا سکتی ہے
واشنگٹن(آئی این پی)امریکہ نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسلام آباد امریکی مطالبات پورا نہیں کرتا تو اسکی 2بلین ڈالر کی امداد روکی جا سکتی ہے،پاکستان اہلیت کے باووجود طالبان اور دہشت گرد گروہوں سے نمٹنے کی خاطر انتہائی ’کم اقدامات‘ کر رہا ہے۔ایک اعلیٰ امریکی اہلکار کاکہنا ہے کہ پاکستانی حکومت طالبان اور دہشت گرد گروہوں سے نمٹنے کی خاطر انتہائی ’کم اقدامات‘ کر رہی ہے۔ امریکی انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ واشنگٹن کے مطالبات کے باوجود پاکستانی حکومت کی طرف سے انتہا پسندوں کے خلاف کارروائی کی رفتار انتہائی سست اور کم ہے۔اس امریکی عہدیدار نے اپنا نام ظاہر کیے بغیر بتایا کہ طالبان اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کے لیے پاکستان پر دباؤ مزید بڑھانا ہو گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ میں شامل اس اہلکار نے یہ بیان ایک ایسے وقت پر دیا ہے، جب پاکستان پر یہ دباؤ بڑھ چکا ہے کہ وہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف مناسب اور ٹھوس اقدامات کرے۔اسی تناظر میں پاکستان کو ’گلوبل واچ لسٹ‘ میں ڈالا جا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں غیر ملکی سرما یہ کاری متاثر ہو سکتی ہے۔پاکستان میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر تبصرہ کرتے ہوئے اس عہدیدار کا مزید کہنا تھا، ’’ہم ان (پاکستانی حکام) سے خاص درخواستیں کرتے رہتے ہیں اور انہیں معلومات بھی فراہم کرتے ہیں، جن پر وہ ردعمل بھی ظاہر کرتے ہیں۔ لیکن ہم نے یہ نہیں دیکھا کہ وہ (دہشت گردوں کے خلاف) اپنے طور پر کارروائی کر رہے ہیں، جس کی ہم توقع کرتے ہیں۔‘‘امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی نئی افغان پالیسی کا اعلان کیے دو سو سے زیادہ دنوں کا وقت گزر چکا ہے۔ اس پالیسی میں افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا بھی شامل ہے۔ اس تناظر میں واشنگٹن کی خواہش ہے کہ اسلام آباد ایسے طالبان کا ساتھ دینا چھوڑ دے، جو مذاکرات کے بجائے جنگی راستہ اختیار کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔پاکستان پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ افغانستان میں بھارتی اثرورسوخ کی روک تھام کی خاطر پاکستانی فوج کی اسٹیبلشمنٹ طالبان کا ساتھ دیتی ہے۔ تاہم پاکستان ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔اس امریکی اہلکار نے کہا ہے کہ ایسے اشارے کم ہی ملتے ہیں کہ پاکستان نے قبائلی علاقہ جات میں فعال طالبان کے ساتھ روابط مکمل طور پر ختم کر د یئے ہیں۔
امریکہ دھمکی