ایران کی پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی ، 4 مارٹر گولے داغ دیے

ایران کی پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی ، 4 مارٹر گولے داغ دیے
ایران کی پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی ، 4 مارٹر گولے داغ دیے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوئٹہ / پنجگور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایران نے ایک بار پھر پاکستان کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کے قریب مارٹر گولے برسادیے، خوش قسمتی سے ایرانی جارحیت کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایران نے یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب حال ہی میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پاکستان کا دورہ کرکے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی فورسز نے بھارت والی روش اپناتے ہوئے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی اور بلا اشتعال گولہ باری شروع کردی۔ ایران کے سرحدی محافظوں کی جانب سے پنجگور ضلع کے گاﺅں پاراکو میں 4 مارٹر گولے داغے گئے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے جانے والے مارٹر گولے گاﺅں کے قریب ایک کھلے میدان میں گر کر پھٹے جس کی وجہ سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایرانی گولہ باری کے بعد ایف سی اور لیویز کے جوان فوری طور پر موقع پر پہنچے اور شواہد جمع کیے ، پنجگور کے ڈپٹی کمشنر نے بھی کوئٹہ میں صوبائی حکومت کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے ایران کی جانب سے مسلسل پاکستانی حدود کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مذکورہ خلاف ورزی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب 4 روز پہلے ہی ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کا 3 روزہ دور مکمل کرکے واپس گئے ہیں، وہ گزشتہ اتوار پاکستان آئے اور اپنے 3 روزہ قیام کے دوران یہاں انہوں نے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔