ریلوے انتظامیہ کی جانب سے رائے ونڈ اجتماع کیلئے اضافی عملہ تعینات

ریلوے انتظامیہ کی جانب سے رائے ونڈ اجتماع کیلئے اضافی عملہ تعینات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار) ریلوے انتظامیہ لاہور ڈویژن نے اپنی شاندار روایت کو برقرار رکھتے ہوئے رائے ونڈ تبلیغی اجتماع کے شرکاء اور مبلغینِ اسلام کی سہولت کے پیش نظر رائیونڈ ریلوے سٹیشن پر اضافی عملہ تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ خاطرخواہ اقدامات کیے۔ تفصیلات کے مطابق رائیونڈ تبلیغی اجتماع پر آنے والے شرکاء کو ملک کے مختلف شہروں میں باسہولت بھیجنے اور مسافروں کی ہمہ وقت رہنمائی کیلئے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور عامر نثار چوہدری کی ہدایت پر ڈویژنل کمرشل آفیسر غلام فرید اسد نے 7 بکنگ کلرک، ایک پارسل کلرک، 4 ٹکٹ کلیکٹرز کے علاوہ 5 سویپر اضافی تعینات کردیئے تاکہ اضافی رش کے موقع پر مسافروں کی رہنمائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس موقع پر ٹکٹنگ کے حصول میں آسانی پیداکرنے کیلئے رائیونڈ ریلوے سٹیشن پر اضافی ٹکٹ کاوْنٹرز بھی بنادیئے گئے۔ اس کے علاوہ مسافروں کی رہنمائی کیلئے ٹکٹ کلیکٹرز کو خصوصی ڈیوٹیاں دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق ریلوے انتظامیہ نے اضافی رش کو باآسانی اپنی اپنی منزلِ مقصود پر پہنچانے کیلئے شیڈول کی ٹرینوں کے علاوہ پشاور سے کراچی کے درمیان چلنے والی رحمان بابا (48 ڈاوْن) اور لاہور سے کراچی کے درمیان چلنے والی شاہ حسین (44 ڈاوْن) ٹرینوں کو براستہ فیصل آباد کی بجائے براستہ رائیونڈ سے کراچی بھیجا گیا۔ یاد رہے ڈویڑل کمرشل آفیسر لاہور نے اپنے کمرشل انسپیکٹر فیصل بلوچ کے ہمراہ رائیونڈ ریلوے سٹیشن پر تبلیغی اجتماع کے پیشِ نظر کیے گئے انتظامات کی خود نگرانی کی۔