ایک منٹ میں 5 بھارتی طیارے تباہ کرنے والے ایم ایم عالم کی آج چھٹی برسی
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) 1965 کی جنگ میں ایک منٹ سے کم وقت میں دشمن ملک بھارت کے 5 طیاروں کو زمین بوس کرنے والے قومی ہیرو ایم ایم عالم کی چھٹی برسی آج منائی جارہی ہے۔
ستمبر 1965 کی جنگ میں عددی برتری رکھنے والے دشمن ملک بھارت کے خود ساختہ سورماو¿ں سے ایم ایم عالم کا تین مختلف محاذوں پر ٹاکرا ہوا تھا، ان ہوائی معرکوں کے دوران کچھ ایسے واقعات جنگی تاریخ کا حصہ بن گئے جس کی دنیا بھر کی جنگی ہوا بازی میں کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔
ایم ایم عالم نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں دشمن ملک بھارت کے پانچ لڑاکا جہازوں کو پے درپے اپنے لڑاکا طیارے سیبر 86 کی گنوں سے نشانے پر رکھنے کے بعد زمین بوس کردیا تھا۔ ایم ایم عالم کا جنگی ہوا بازی کا کارنامہ آج بھی سننے والو ں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیتا ہے۔
ایم ایم عالم نے ایک ہی وقت میں جن 5 بھارتی ہنٹر طیاروں کو خاک چٹائی وہ ایم ایم عالم کے اپنے جنگی جہاز سیبر 86 سے کئی گنا زیادہ برق رفتار اور جنگی صلاحیتوں کے حامل تھے، ان ہی غیر معمولی جنگی ہوائی مہارتوں پر انھیں فالکن اور لٹل ڈریگن جیسے القابات سے نوازا گیا۔
ایم ایم عالم نے 65 کی جنگ میں مختلف محاذوں پر کل 11 بھارتی طیاروں کو تباہی سے دوچار کیا جن میں 9 مکمل طور پر تباہ جبکہ 2 کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔ گیارہ بھارتی ترنگے ان کے جہاز کی باڈی پر نمایاں دکھائی دیتے تھے۔
یاد رہے کہ ایم ایم عالم کو وطن عزیز کے تیسرے بڑے فوجی اعزاز ستارہ جرا¿ت سے نوازا گیا، 18 مارچ 2013 کو طویل علالت کے بعد وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملے جبکہ انہیں ماڑی پور میں پی اے ایف بیس مسرور کے شہداءقبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔