سانحہ ساہیوال ،لاہورہائیکورٹ نے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا، عدالت نے درخواستگزاروں کی درخواستیں مسترد کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔چیف جسٹس سردار شمیم خان کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ سیشن جج ساہیوال کی انکوائری رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن ہم نے نہیں بنانا،آپ کو پتا ہے جوڈیشل کمیشن کون بنا سکتا ہے؟۔ آپ دلائل دیناچاہیں تودے سکتے ہیں۔درخواست واپس لے جائیں ۔
وکیل درخواست نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میرے پاس دلائل ہیں کہ ہائیکورٹ جوڈیشل کمیشن بناسکتا ہے،خاص حالات میں عدالت حکومت کو ہدایت کرسکتی ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنائے ۔
وکیل درخواستگزار نے کہا کہ جب سانحہ ساہیوال ہواتوکس بنیادپرجوڈیشل کمیشن بنا؟چیف جسٹس سردار شمیم خان نے کہا کہ کوئی قانون ہے جس کے مطابق ہم کمیشن بنانےکاحکم دیں؟
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر کمیشن کس نے بنایا تھا؟سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بھی جوڈیشل کمیشن پنجاب حکومت نے بنایاتھا ۔عدالت نے ذیشان کی والدہ اور خلیل کے بھائی کی جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پرمحفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواستیں مستردکردیں۔