کئی سالوں تک انڈوں کو صحت کے لئے انتہائی ضروری قرار دینے کے بعد سائنسدانوں کا یوٹرن، انڈوں کو نقصان دہ قرار دے دیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) سالہا سال سے سائنسدان انڈوں کو صحت کے لیے انتہائی ضروری قرار دیتے آ رہے تھے اور اب انہوں نے یوٹرن لیتے ہوئے انہیں صحت کے لیے بہت بڑا خطرہ قرار دے دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق امریکن میڈکل ایسوسی ایشن کے جریدے میں شائع ہونے والے ان تحقیقاتی نتائج میں بتایا گیا ہے کہ جو لوگ روزانہ تین انڈے کھاتے ہیں ان کے قبل ازوقت مرجانے کے امکانات میں ایک تہائی اضافہ ہو جاتا ہے۔
اس تحقیق میں سائنسدانوں نے 30سال تک 30ہزار سے زائد بالغ مردوخواتین کی کھانے پینے کی عادات کی نگرانی کی اور اس کے ان کی صحت پر اثرات کا تجزیہ کرتے رہے، جس میں یہ بھی ثابت ہوا کہ روزانہ تین انڈے کھانے والے افراد کو ہارٹ اٹیک اور سٹروک آنے کا خطرہ بھی 27فیصد تک زیادہ ہو جاتا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ نورینا ایلن نے بتایا کہ ”دراصل انڈے اور بالخصوص ان کی زردی خون میں کولیسٹرول کی مقدار میں اضافے کا سبب بنتے ہیں، جو براہ راست دل کی بیماریوں کی ایک بڑی وجہ ہے۔ “