کریم ٹیکسی نے ایسا قابل اعتراض اشتہار جاری کردیا کہ ہنگامہ برپا ہوگیا، پاکستانی غصے سے آگ بگولہ ہوگئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی ’ کریم‘ کی جانب سے ایسا اشتہار جاری کردیا گیا جس کو لوگوں نے پاکستانی ثقافت اور روایات کے منافی قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر کریم کو کڑی تنقید کا سامنا ہے اور ٹوئٹر پر ’کریم‘ کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے۔
کریم نے حال ہی میں لاہور میں ایک نئی اشتہاری مہم شروع کی ہے جس میں روز مرہ کے مسائل کو چٹکلوں کی شکل دے کر کریم استعمال کرنے کے فوائد بتائے گئے ہیں۔ کریم نے اپنی موٹرسائیکل سروس کی تشہیر کیلئے ایک بورڈ درزی حضرات کیلئے بنایا کہ اگر باجی (کسٹمر ) کا سوٹ خراب ہوجائے تو بھاگنے کیلئے کریم بائیک کرو۔
اسی طرح دیگر موضوعات کو بھی زیر بحث لایا گیا ہے لیکن کریم کی جانب سے دلہن کو شادی سے بھاگنے کا مشورہ دینے والا اشتہار پاکستانیوں کیلئے سخت غم و غصے کا باعث بنا ہے۔
اس اشتہار میں ایک دلہن کی تصویر کے ساتھ لکھا گیا ہے ’اپنی شادی سے بھاگنا ہو تو کریم بائیک کرو‘۔
نجی ٹی وی 24 نیوز سے وابستہ صحافی امجد حسین بخاری نے سب سے پہلے لاہور میں لگے اس اشتہاری بورڈ کی تصویر ٹوئٹر پر پوسٹ کی اور کریم کے مارکیٹنگ سٹائل کو شرمناک قرار دیا۔ امجد بخاری نے جیسے ہی یہ تصویر پوسٹ کی تو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور لوگوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ’ کریم ‘ کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔
اداکارہ وینا ملک نے اسے قابل اعتراض قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ نہ صرف یہ اشتہار فوری طور پر ہٹایا جائے بلکہ کریم کی جانب سے معافی بھی مانگی جانی چاہیے۔
سینئر صحافی انصار عباسی نے اس اشتہار کو شرمناک قرار دیا۔
رضا عطاری نامی ٹوئٹر صارف کو یہ اشتہار اتنا ناگوار گزرا کہ انہوں نے کریم کی ایپ ہی ان انسٹال کردی۔
بعض صارفین نے اسے سستی شہرت کا ذریعہ بھی قرار دیا کیونکہ میڈیا کی دنیا میں سب سے زیادہ ’ تنازعہ‘ بکتا ہے اور کریم نے شاندار طریقے سے ایک تنازعے کو جنم دیا ہے ، یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ کریم کو اس تنازعے سے کیا فوائد یا نقصانات حاصل ہوتے ہیں۔