وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب میں نواز شریف کے علاج پر مشاورت: نجی ٹی وی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے علاج کے حوالے سے مشاورت کی ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات میں پنجاب اسمبلی سے منظور مراعات اورتنخواہوں میں اضافے کے بل پرمشاورت کی گئی۔ وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ کی مراعات میں اضافے پر ناگواری کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب اسمبلی نے ارکان اسمبلی اور وزیر اعلیٰ کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل منظور کیا تھا جس کی وزیر اعظم عمران خان نے مخالفت کی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ملاقات میں پنجاب کی سیاسی صورتحال اور صوبائی کابینہ کی کارکردگی پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کے مابین نواز شریف کے علاج سے متعلق ن لیگ کے مطالبات پر بھی گفتگو ہوئی۔