صوبائی وزیر محمود الرشید کی نواز شریف کی علاج کیلئے بیرون ملک روانگی کی صورت میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالنے کی یقین دہانی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبائی وزیر ہاﺅسنگ میاں محمود الرشید نے کہاہے اگر نواز شریف کوکچھ ہوا تو ہم اس کے ذمہ دار نہیں ہونگے بلکہ اس کی ذمہ دار ن لیگ ہوگی، ہم ان کو ہر قسم کی طبی سہولیات دے رہے ہیں اور اگر یہ چاہتے ہیں کہ ان کو علاج کیلئے باہر بھیج دیا جائے تو سپریم کورٹ سے اجازت لے لیں ،حکومت کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے محمود الرشید نے کہا کہ میں اس وقت پنجاب اسمبلی میں نہیں تھا جب ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل منظور کیا گیا ، یہ بات دوتین سال سے کی جارہی تھی کہ پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے ارکان سے کم ہیں، اس لئے ان کی تنخواہیں بھی دوسرے صوبوں کے ارکان اسمبلی کے برابر کردی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اس معاملے پر بات کی ہوگی ، یہ موقع اس اقدام کیلئے ٹھیک نہیں تھا، ارکان صوبائی اسمبلی کا یہ بھی دباﺅ تھا کہ ہماری تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے ، وہ کہتے تھے کہ ہم زیادہ تنخواہوں کا مطالبہ نہیں کررہے بلکہ ہم یہ کہتے ہیں کہ ہماری تنخواہیں ، دوسرے صوبوں کے ارکان کے برابر کردی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف کوکچھ ہوا تو ہم اس کے ذمہ دار نہیں ہونگے بلکہ اس کی ذمہ دار ن لیگ ہوگی، ہم ان کو ہر قسم کی طبی سہولیات دے رہے ہیں اور اگر یہ چاہتے ہیں کہ ان کو علاج کیلئے باہر بھیج دیا جائے تو سپریم کورٹ سے اجازت لے لیں ،حکومت کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی ۔