وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے رشتہ دار ٹیچر کو بڑی انتظامی پوسٹ پر لگادیا ، ن لیگی رہنما مصدق ملک کا اہم انکشاف
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے ترجمان مصدق ملک نے کہاہے کہ ہمیں کہا جاتا تھا کہ خاندان کے لوگوں کو ملازمت پر لگادیتے ہیں لیکن اب عثمان بزدار نے اپنے بھتیجے کو جو اٹھارویں سکیل کا ایک ٹیچر ہے ،لاکر وزیر اعلیٰ شکایت سیل کا انچارج لگا دیاہے تو یہ کیاہے ؟
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ “ میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ جب تحریک انصاف کی قیادت خود کہتی ہے کہ سب سے بڑی کوالٹی یوٹرن لیناہے اور اب عثمان بزدار نے ایک یوٹرن لے لیاہے تو کیا ہواہے ؟ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کفایت شعاری کیلئے بڑے اقدامات کئے ، چائے بند کردی ، گاڑیاں بیچ دیں لیکن بجٹ بڑھ گیاہے ۔
ان کا کہناتھا کہ ہمیں کہا جاتا تھا کہ خاندان کے لوگوں کو ملازمت پر لگادیتے ہیں لیکن اب عثمان بزدار نے اپنے بھتیجے کو جو اٹھارویں سکیل کا ایک ٹیچر ہے لاکر وزیر اعلیٰ شکایت سیل کا انچارج لگا دیاہے تو یہ کیاہے ؟ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کہتے ہیں کہ یہ ہم سے این آر او مانگ رہے ہیں تو کیا عدالتیں شیخ رشید کی ماتحت ہیں ، وہ عدلیہ پر حملہ کررہے ہیں ، ضمانت تو جج نے دینی ہے ، اگر آپ سمجھتے ہیں کہ جج آپ کا ماتحت ہے تو پھر آپ یہ فیصلہ خود کرلیں کہ یہ ملک آپ کا ماتحت ہے یا آزاد ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کوجیل میں جب دل کا درد ہوتاہے تو ڈاکٹر ان کابلڈ پریشر چیک کرکے چلا جاتا ہے ، ہم اب حکومت سے کچھ نہیں چاہتے ، جس طرح ہمارا مذاق اڑایا گیاہے ، ہم کو ہمارے حال پر چھوڑ دیا جائے ۔