وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب نے آصف زرداری کی گرفتاری کے حوالے سے وضاحت کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہاہے کہ نیب نے آصف زرداری کو گرفتار کرنا ہے یانہیں یہ نیب کو معلوم ہوگا ، پیپلز پارٹی کیس کوطول دینے کیلئے تاخیر ی حربے استعمال کررہی ہے۔
اے آروائی نیوز کے پروگرام ”پاور پلے“ میں گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبرنے کہا کہ نیب نہ صرف ملزم کو گرفتارکرسکتا ہے بلکہ تحقیقات پر اثر اندازہونے والے کوبھی گرفتار کرسکتاہے ،اب ریکارڈ چھپانے پر تین سال کی سزا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہناہے کہ ہم کو نیب نے نہیں بلایا لیکن جب فیصلہ خلاف آئے گا تو کہیں گے کہ ہم شامل تفتیش نہیں کیاگیا ۔
انہوں نے کہا کہ جعلی اکاﺅنٹس کیس میں مزید کیسز بنیں گے ، جعلی اکاﺅنٹس کیس ٹرانسفرہونے کی وجہ سے کچھ صفحات غائب تھے ، جے آئی ٹی کی انکوائری کی کوئی چیز غائب نہیں ہوئی ، ایف آئی اے کی انکوائری کے غائب صفحات بھی مل جائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب نے آصف زرداری کو گرفتار کرنا ہے یہ نہیں،یہ نیب کو معلوم ہوگا ، پیپلز پارٹی کیس کوطول دینے کیلئے تاخیر ی حربے استعمال کررہی ہے ۔