عثمان بزدار کس صورت میں وزارت اعلیٰ پر برقرار رہیں گے ، فواد چودھری نے عکاسی کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہاہے کہ اگر وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار پر بھروسہ جاری رکھا تو وہ وزیر اعلیٰ رہیں گے اور اگر نہ کیا تو وزیر اعلیٰ نہیں رہیں گے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے فوادچودھری نے کہا کہ کابینہ کے حوالے سے ہر چیز کا فیصلہ عمران خان نے کرناہے ،ابھی تک وزیر اعظم نے عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیاہے، ان کی کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے ، اگر وزیراعظم عمران خان نے ان پر بھروسہ جاری رکھا تو وہ وزیر اعلیٰ رہیں گے اور اگر نہ کیا تو وزیر اعلیٰ نہیں رہیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا میں فیک خبر سوشل میڈیا کا ایک مسئلہ ہے ، اس سے بہت غلطیاں ہوجاتی ہیں، اس لئے اپنی پوزیشن کودیکھ کر اس کا استعمال کرنا چاہئے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نواز شریف کے علاج کیلئے باہر بھیجنے کے علاوہ ملک میں سب کچھ کرنے کیلئے تیارہیں۔