سٹاک مارکیٹ میں مندی برقرار، ڈالر 40پیسے اور سونا فی تولہ 500روپے مہنگا
کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کو بھی شدید مندی چھائی رہی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس33ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے مزید 1067.98 پوائنٹس کی کمی سے32616.93 پوائنٹس سطح پر آ گیا جبکہ حصص کی فروخت کے دباؤ کے باعث70فی صد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو ایک کھرب 80 ارب 51 کروڑ 8لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز کاروبار کے آغاز سے ہی مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا تاہم درمیان میں معمولی ریکوری آئی لیکن مجموعی طور پر مندی کے اثرات غالب رہے اور مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 3.17فیصد یعنی 1067.98پوائنٹس کی کمی سے32616.93پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ میں مجموعی طور پر355کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 251کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور صرف 86کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 18کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دوسری جانبمقامی کرنسی مارکیٹوں میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں کمی اور یورو سمیت دیگر کرنسیوں کی قدر میں ملا جلا رجحان رہا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روزانٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید30پیسے اضافہ سے158.20روپے سے بڑھ کر158.50روپے او رقیمت فروخت40پیسے اضافہ سے158.50روپے سے بڑھ کر158.90روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید50پیسے اضافہ سے157روپے سے بڑھ کر157.50روپے ہوگئی اورقیمت فروخت158.50روپے مستحکم رہی۔علاوہ ازیں بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت3ڈالر اضافے سے1473ڈالرہوگئی جس کے زیر اثر کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت 500روپے بڑھ کر90ہزار500روپے اوردس گرام سونے کی قیمت 429روپے کے اضافے سے76732روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت900روپے اور 10گرام چاندی کی قیمت 771روپے مستحکم رہی۔
سٹاک مارکیٹ