حکومت کم آمدن والے شہریوں کے گیس،بجلی کے بل معاف کر دے، سراج الحق

حکومت کم آمدن والے شہریوں کے گیس،بجلی کے بل معاف کر دے، سراج الحق

  



لاہور(خصوصی رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ 25 ہزار سے کم ماہانہ آمدن والے شہریوں کو کم از کم بجلی اور گیس کے بل معاف کر دیے جائیں۔ کرونا وائرس کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہوچکے ہیں۔سٹاک ایکسچینج کریش کر گئی ہے۔ تجارت بیٹھ گئی ہے، خاص طور پر مزدور طبقہ بہت زیادہ متاثر ہوا ہے اس لیے حکومت کا فرض ہے کہ غربت کی چکی میں پسنے والے لوگوں کو ریلیف دیا جائے۔موجودہ حالات میں عام آدمی کو سہولت اور سہارا دینا انتہائی ضروری ہے۔ عالمی معاشی قوتوں سے غریب ممالک کا قرضہ معاف کرنے کی وزیراعظم کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ امریکہ اور چند بڑے ممالک کی طرف سے سود کا خاتمہ انقلابی قدم ہے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اٹلی، سپین، ڈنمارک سمیت یورپ میں مقیم پاکستانی ذمہ داران کو فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی ہے۔ یورپ سے کرو نا وائرس کے حوالے سے آنے والی تشویشناک خبروں کے تناظر میں سینیٹر سراج الحق نے یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی شہریوں اور جماعت اسلامی کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ وبائی مرض سے بچاؤ کے لیے اپنے خاندانوں سمیت ہرپاکستانی شہری کی حفاظت کو بھی مقدم رکھیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں اسلامی تعلیمات کی صحیح تصویر پیش کرنے کا یہ سنہری موقع ہے۔

سراج الحق

مزید : صفحہ آخر /رائے