ادارہ اس وقت نازک دور سے گذررہاہے،ڈاکٹرنسیم الغنی سہتو

ادارہ اس وقت نازک دور سے گذررہاہے،ڈاکٹرنسیم الغنی سہتو

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹرنسیم الغنی سہتونے کہاہے کہ ادارہ اس وقت نازک دور سے گذررہاہے،انہدامی کارروائیوں کاسلسلہ جاری ہے،تاہم معززسپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے مطابق غیرقانونی تعمیرات کے خلاف حکمت عملی کے ساتھ بھرپور کارروائیاں لازم ہیں،قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اورشہر کے تعمیراتی نظم ونسق کوہرصورت بحال رکھاجائے گاجبکہ ضلعی وسطی میں 3خطرناک مخدوش عمارتوں کوخالی کروالیاگیاانہدامی عمل کے لئے ڈیمالیشن اسکواڈ روانہ، مختلف غیرقانونی تعمیرات کومنہدم وسربمہرکردیاگیا۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر نسیم الغنی سہتوکی سربراہی میں ایک اجلاس کانفرنس ہال ایس بی سی اے میں منعقدہواجس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل نے کہاکہ ادارہ فرائض سے غفلت اوربدنیتی کامتحمل نہیں ہے سنجیدہ اقدامات ضروری ہیں،معززسپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی تعمیل میں رکاوٹ کیلئے دباؤ و دھمکی کا عنصر غیراہم ہے،شہرکے پانچ ٹاؤنزلیاقت آباد،نارتھ ناظم آباد،گلبرگ،نیوکراچی اورجمشید ٹاؤن میں غیرقانونی تعمیرات کے مکمل خاتمے کیلئے بھرپورحکمت عملی کے ساتھ سخت اقدامات کئے جائیں، پچاس ساٹھ کی تعداد میں ٹھکیدار بلڈرمافیا اور ان سے جڑی ادارے کی چندکالی بھیڑوں کی بدعمالیوں کاخمیازہ ادارے کی نیک نامی پرحرف کاسبب ہے،جسے ہرگزبرداشت نہیں کیاجائے گا۔انہوں نے تمام ٹاؤن ڈائریکٹرز کوہدایات دی کہ غیرقانونی تعمیرات اور خطرناک مخدوش حالت عمارتوں سے متعلق ویجیلنس کمیٹی کو مکمل آگاہی دی جائے قیمتی انسانی جانوں اورسرمایے کاتحفظ ہرصورت ممکن بنایاجائے،غیرقانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرینس کامظاہرہ کیاجائے معاملات انتہائی اہم ہیں ٹاؤن ڈائریکٹرز خود بھی تعمیرات پر کڑی نظررکھیں جبکہ میں خود بھی ویجیلنس کررہاہوں،۔انہوں نے تحقیقاتی اداروں کے حوالے سے تمام ڈائریکٹرز کوہدایات دی کے مطلوبہ ریکارڈ کی فراہمی میں ان کے ساتھ مکمل تعاون کیاجائے ہرمعاملے کے بارے میں مجھے بروقت آگاہ کیا جائے۔اس دوران متعلقہ ڈائریکٹر زنے بتایاکہ نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے علاقے کچی آبادی کوثرنیازی کالونی میں ایک گراؤنڈپلس تین منزلہ عمارت اور لیاقت آباد ٹاؤن میں پلاٹ نمبر 726/10،پر واقع گراؤنڈپلس چارمنزلہ جبکہ نارتھ کراچی ٹاؤن نزد اللہ والی چورنگی پر واقع گراؤنڈپلس تین منزلہ مخدوش حالت خطرناک عمارتوں کافوری نوٹس لیاگیاگزشتہ رات ایس بی سی اے کی کوشش سے تینوں عمارتوں کومکینوں سے خالی کروالیاگیااورآج انہدامی کارروائی کے لئے ڈیمالیشن اسکواڈ کو روانہ کردیاگیاہے،ڈائریکٹرجنرل نے فوری ایکشن لینے کے عمل کوسرہاتے ہوئے معزز عدالت کے حکم کی تعمیل میں اسی طرح فوری کارروائی کاسلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت دی،انہوں مزید کہاکہ ہردوسرے دن اجلاس کیاجائے گاجس میں ڈائریکٹرز دودن کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات پیش کریں گے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل آشکار داور،ڈائریکٹرایڈمنسٹریشن فرحان قیصرسمیت تمام سیکشنزاورٹاؤنزکے ڈائریکٹرز شریک تھے۔بعدازاں آباد کے عہدیداران حسن بخشی اورمحسن شیخانی سے اپنے دفتر میں ایک ملاقات میں ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹرنسیم الغنی سہتونے کہاکہ کچھ بلڈرز کی جانب سے منصوبوں کی طے کردہ مدت تکمیل میں تاخیرکی شکایات کودورکیاجائے،انہوں نے الاٹیز کووقت پرقبضہ دینے سمیت ایس بی سی اے کے ماڈل ایگریمنٹ کی خلاف ورزی کے معاملات کوفوری روکنے کے اقدامات،الاٹیز کودرپیش پریشانیوں کوفوری دور کرنے اور تعمیراتی قوانین پرعملدرآمد کویقینی بنانے پرزوردیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر