کرونا، بلاول نے پارٹی کی تمام غیر ضروری سیاسی سرگرمیاں معطل کردیں

  کرونا، بلاول نے پارٹی کی تمام غیر ضروری سیاسی سرگرمیاں معطل کردیں

  



کراچی(آئی این پی)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وائرس کی وجہ سے پارٹی کی تمام غیرضروری سیاسی سرگرمیوں کو معطل و مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت تمام حکومتوں سے بہتر ہے، وزیراعظم سے اپیل ہے کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ کی سفارشات کا فوری نفاذ کریں،جیالے کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے لوگوں کی مدد کریں۔منگل کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کرونا وائرس کی صورت حال پر آگاہی کے حوالے سے میں نے اجلاس میں شرکت کی ہے،سندھ حکومت کی آگاہی کے بعد ہر فرد کی حفاظت کے تناظر میں مجھے کچھ اہم اعلانات کرنا ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی تمام غیرضروری سیاسی سرگرمیوں کو معطل و مؤخر کررہی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے جیالوں سے درخواست ہے کہ وہ کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے لوگوں کی مدد کریں،جیالے آگاہی پھیلائیں اور کمزوروں کی مدد کریں،جیالوں کیلئے سب سے اہم ہے کہ وہ سماجی دوری کی مشق کریں اور حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کریں،جیالوں کو اپنی حکومت کی کاوشوں پر اس کی سپورٹ بھی کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے چار اپریل کو ہونے والی پی پی پی کا سالانہ اجتماع مؤخر کردیا گیا ہے،چار اپریل کے حوالے سے عوام کو موبلائز کرنے کی تمام سرگرمیاں ملک بھر میں فوری طور پر بند کی جائیں، میں سندھ حکومت کا شکرگزار ہوں کہ وہ سب کچھ کررہے ہیں جو ان کے اختیار میں ہے،کرونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت تمام حکومتوں سے بہتر ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت کا طرز عمل دیگر صوبوں اور وفاقی سطح پر نظر آنا چاہئے،میں وزیراعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ کی سفارشات کا فوری نفاذ کریں۔

بلاول بھٹو

مزید : صفحہ اول