فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت، انتخابی عمل پر اے پی سی بلائی جائے، اپوزیشن کا چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ

فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت، انتخابی عمل پر اے پی سی بلائی جائے، اپوزیشن ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) متحدہ اپوزیشن نے الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرکے جلد فیصلہ سنانے کی درخواست کر دی، جبکہ انتخابی عمل کے حوالے سے تجاویز کے لئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا بھی مطالبہ کیا ہے،متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ آج عمران خان اور اس کے حواریوں کی تلاشی مانگی جارہی ہے، دنیا کی تلاشی مانگنے والے اپنی تلاشی دینے کو تیار نہیں ہیں،ہمارا مطالبہ ہے فارن فنڈنگ کیس کی دوبارا سے سماعت کی جائے، خدشہ یہ ہے کہ اس جماعت کو پاکستان دشمن لابیز نے فنڈنگ کی ہے، اس حکومت کے ہاتھوں ملک کا وہ نقصان ہوا ہے جو شاید کوئی پاکستان کا دشمن باہر بیٹھ کر نہیں کر سکتا تھا، اوورسیز پاکستانیوں کو نئے پاکستان کا خواب بیچ کر ان کی جیبیں کاٹی گئیں، ان کا پیسہ کس کی جیب میں گیا؟،تمام سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلائی جائے تاکہ ہم یہ بتاسکیں کہ 2018کے انتخابات میں کیا کمی، کوتاہی کیا بد عنوانی ہوئی، انتخابی عمل کو ہائی جیک کرنے کی اجازت ہر گز نہ دی جائے۔منگل کو متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں نے الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی، وفد میں ن لیگ کے رہنما ء خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثنا اللہ، خرم دستگیر، پیپلز پارٹی کے رہنماء فرحت اللہ بابر اور جے یو آئی ف کے رہنماء مولانا صلاح الدین ایوبی شامل تھے۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے یاداشت پیش کی کہ کئی سال ہو گئے فارن فنڈنگ کیس پر کوئی پیشرفت نہیں ہو رہی۔ حکومت ایک سٹے پر چل رہی ہے، کنٹینر پر وہ سب کی تلاشی مانگتے تھے، آج دنیا کی تلاشی مانگنے والے اپنی تلاشی دینے کو تیار نہیں ہیں، جب تک تمام چیزیں باہر نہیں آئیں گی، پی ٹی آئی پر ہمیشہ شک و شبہات رہیں گے۔ حکومت کی طرف سے تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں، 2015تک کی پٹیشن ہے اس کے بعد کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم تجویز دی کہ آل پارٹیز میٹنگ بلائی جائے اور تجاویز لیں، چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ جلد اس میٹنگ کا انعقاد کریں گے۔فرحت اللہ بابر نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کوروزانہ سماعت کی بنیادپر سن کر جلد اس کا فیصلہ کیا جائے۔ احسن اقبال نے کہاکہ خدشہ ہے کہ پی ٹی آئی کو پاکستان دشمن لابیز نے فنڈنگ کی ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے جو پیسہ عمران کے بہکاوے میں آکر دیا تھا، انہیں بتایا جائے وہ پیسہ کہاں گیاہے، اوورسیز پاکستانیوں کو دھوکا دے کرپیسہ لیا گیا اور پیسہ ذاتی اکاؤنٹ میں جاتا رہا، شفاف تحقیقات ہونی چاہئے،ایک جماعت پانچ سال سے اس پورے عمل کو سبوتاژ کر رہی ہے، عمران خان اپنی تلاشی دو، قوم ان کی منی ٹریل مانگ رہی ہے،آؤ قوم کو تلاشی دو،خود چھپتے پھر رہے ہیں۔
اپوزیشن

مزید :

صفحہ اول -