یکم جون تک پاکستان بھر میں کوئی امتحانات نہیں ہوں گے،چھٹیاں بڑھیں گی یا نہیں؟ وزیرتعلیم نے پریس کانفرنس میں سب واضح کردیا

یکم جون تک پاکستان بھر میں کوئی امتحانات نہیں ہوں گے،چھٹیاں بڑھیں گی یا ...
یکم جون تک پاکستان بھر میں کوئی امتحانات نہیں ہوں گے،چھٹیاں بڑھیں گی یا نہیں؟ وزیرتعلیم نے پریس کانفرنس میں سب واضح کردیا

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے جائزہ لیں گے کہ پانچ اپریل کے بعد تعلیمی ادارے کھلنے چاہئیں یا نہیں۔یکم جون تک پاکستان کے تمام 29بورڈز میں جتنے بھی امتحانات ہونا تھا اب نہیں ہوںگے۔کیمبرج سسٹم کے تحت بھی  یکم جون تک کوئی امتحانات نہیں ہوں گے۔امتحانات میں تاخیر کے بعد یونیورسٹیوں میں بھی داخلوں کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع دی جائے گی۔حالات بہتر ہونے کے بعد پہلی جون کے بعد امتحانات کا شیڈول جاری کریں گے۔ستائیس مارچ کو ایجوکیشن منسٹرز کانفرنس بلا کر مستقبل کیلئے لائحہ عمل اختیارکریں گے۔

اسلام آ باد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ ہاسٹلز خالی کروالیں تاہم اگر کسی یونیورسٹی ہاسٹل میں غیر ملکی طالب علم مقیم ہوں انہیں رہنے کی اجازت دی جائے تاہم ان کے تحفظ کا مکمل خیال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ سکول یا یونیورسٹی کے اساتذہ کا اداروں میں آنا ضروری نہیں ہے تاہم اگر کسی ادارے کو کسی بھی وجہ سے اپنے سٹاف کی ضرورت محسوس ہو تو وہ ان کو اداروں میں بلا سکتے ہیں۔

چھٹیاں پانچ اپریل سے آگے بھی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا پی ٹی وی سے ورچوئل یونیورسٹی سے کے چینلز لے کر ان پر بچوں کو بذریعہ ٹی وی پڑھایاجائے۔

یونیورسٹیز کیلئے آن لائن ویب سائٹ پر لیکچرز یا کورسز کا سلسلہ شروع کرنے کا سوچ رہے ہیں۔ایچ ای سی نے معاملات کا جائزہ لینے کیلئے تین کمیٹیاں بنائی ہیں جن میں سے ایک ٹیکنالوجی سے متعلق معاونت کیلئے کام کرے گی ایک مواد کے معاملات دیکھے گی جبکہ تیسری انتظامی معاملات کی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔

مزید : اہم خبریں /قومی