باجرے کی روٹی کھائیں ۔۔۔۔صحت بنائیں
کچن کارنر میں آج ہم آپ کو کوئی خاص یا چٹ پٹی ڈش بنانا نہیں سکھائیں گے بلکہ سادہ سی روٹی بنانے اور کھانے کیلئے کہیں گے ۔ کیونکہ یہ روٹی جتنا سادہ ہے اتنا ہی آپ کی صحت کیلئے مفید ہے ۔ جی ہاں ! ہم باجرے کی روٹی کی بات کر رہے ہیں باجرے کی روٹی ناصرف صحت کے فوائد سے بھرپور ہوتی ہے بلکہ ذائقے میں مزیدار بھی ہوتی ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ ملک کے دیہی علاقے میں رہتے ہیں یا شہر میں،آپ چاہیں جہاں رہیں باجرے کی روٹی ضرور کھائیں۔ دوسرے اناج کے مقابلے باجرے میں اومیگا تھری چربی زیادہ ہوتی ہے، اومیگا 3 دل کی اچھی صحت کو برقرار رکھنے میں مدد گار ہے۔ باجرہ آئرن اور فاسفورس کا بھی اچھا ذریعہ ہے، آئرن علمی فعل، یادداشت اور توانائی کےلئے ایک ضروری غذائیت ہے۔
باجرے میں کئی طرح کے غذائی اجزاءہوتے ہیں جو آپ کی صحت کے لیے اچھے ہیں، پکا ہوا باجرا پروٹین، کاربوہائیڈریٹس کے ساتھ ساتھ فائبر کا ایک اچھا ذریعہ ہے۔ ایک باجرے کی روٹی میں تقریباً 3.2 گرام پروٹین ہوتا ہے جو کہ گندم کی روٹی سے دگنا ہوتا ہے۔ اس میں بہت سے وٹامنز (B1, B2, B3, B5, B6, B9) اور معدنیات (آئرن، پوٹاشیم، میگنیشیم، مینگنیج، تانبا، زنک اور سیلینیم) بھی ہوتے ہیں۔
یہاں ہم آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ اگر آپ وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو باجرے کی روٹی ایک اچھا انتخاب ہے۔ یہ پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس کا بھرپور ذریعہ ہے۔ پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس کو جسم سے ہضم ہونے میں وقت لگتا ہے اور اس کی وجہ سے بھوک بھی کم لگتی ہے، باجرے کی روٹی آپ کو کافی مقدار میں توانائی فراہم کرتی ہے۔باجرہ ہماری آنتوں میں پری بائیوٹک کے طور پر کام کرتا ہے، جو ہمارے ہاضمہ کی صحت کو اعلیٰ شکل میں رکھنے میں مدد کرتا ہے۔
باجرہ چونکہ میگنیشیم کا ایک اچھا ذریعہ ہے، اس لیے دل کے مریضوں کےلئے اپنی خوراک میں باجرے کو شامل کرنا اچھا ہے۔ میگنیشیم دل کی بیماریوں جیسے بلڈ پریشر اور ذیابیطس کے خطرے والے عوامل کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ باجرے کا ذیابیطس پر بھی مثبت اثر پڑتا ہے کیونکہ اس میں فائبر کی مقدار اور آہستہ آہستہ ہضم ہونے والے نشاستے کی موجودگی، جو گلوکوز میں تبدیل ہونے میں زیادہ وقت لیتی ہے۔ یہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مستقل توانائی فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، باجرہ میگنیشیم کا ایک اچھا ذریعہ ہے، جو ذیابیطس کے کم خطرے سے منسلک ہے۔باجرہ آئرن کا اچھا ذریعہ ہے، جو ہیموگلوبن کی سطح کو بہتر بنانے میں معاون ہے۔ فائبر، اینٹی آکسیڈنٹس، زنک، میگنیشیم، کاپر اور وٹامن بی بھی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
باجرے کی روٹی بنانا کوئی مشکل کام نہیں جیسے آپ گندم کی روٹی بناتے ہیں بالکل اسی طرح باجرا لیں اسے پیس لیں اور پھر گوندھ کر روٹی بنا لیں ۔ اس روٹی کو اچار ، پیاز اور چٹنی کیساتھ کھائیں ، ٹیسٹ بھی اچھا اور روٹین کے لنچ میں مزیدار تبدیلی بھی ۔۔۔۔ رمضان المبارک سے قبل باجرے کی روٹی ضرور انجوائے کریں ۔