پنجاب میں کورونا کی صورتحال نارمل، انسداد ڈینگی کیلنڈر پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے: نگران وزیراعلٰی 

    پنجاب میں کورونا کی صورتحال نارمل، انسداد ڈینگی کیلنڈر پر من و عن ...

  

      لاہور (جنرل رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ڈینگی اور کورونا سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کاحکم دیتے ہوئے کہاہے کہ انسداد ڈینگی کے کیلنڈر پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایاجائے، بروقت اقدامات اورایس او پیز کو فالو کیاجائے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ محسن نقوی نے سپرے پمپس اور دیگر ضروری آلات کو فنکشنل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ان ڈور او رآؤٹ ڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈیش بورڈ پر مستند ڈیٹا اپ لوڈ ہونا چاہیے۔ ڈینگی کی تشخیص کیلئے سی بی سی ٹیسٹ 95روپے میں ہوگا۔سیکرٹریز کو مختلف علاقے تفویض کئے جائیں گے اور وہ انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں کو خود مانیٹر کریں گے،پنجاب میں کورونا کی صورتحال نارمل ہے، 2ڈوززلگوانے والے شہریوں کو بوسٹر ڈوز لگائی جائے گی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کابینہ سب کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔دریں اثناء  نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 2 گھنٹے تک مرد و خواتین قیدیوں کے مسائل سنے اور جیل میں فراہم کردہ سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔کوٹ لکھپت جیل میں ایک چارپائی پر 3 خواتین قیدی موجود تھیں، بعض قیدیوں کی اپیلیں 10،10 سال تک نہیں لگیں۔ والد کے انتقال کے باوجود خاتون قیدی کو پیرول پر رہائی نہ مل سکی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مرد و خواتین قیدیوں کی بیرکس کا معائنہ کیا،قیدیوں کے مسائل پوچھے اور جیل عملے کے سلوک کے بارے دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جیل کے کچن کا معائنہ کیا اور قیدیوں کے کھانے کی کوالٹی چیک کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جیل ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کے لئے میڈیکل کی سہولتوں کاجائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گردے و جگر کے امراض میں مبتلا قیدی مریضوں کا علاج پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ سے کرایا جائے اور اس ضمن میں پی کے ایل آئی کا فوکل پرسن مقرر کیا جائے۔ محسن نقوی نے خواتین قیدیوں کے ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر اور ڈے کیئر سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قیدی بھی انسان ہیں، انہیں بنیادی سہولتوں ملنی چاہئیں۔سزائیں پوری کرنے والے قیدیوں کو رہا کرانے کے لئے اقدامات کریں گے۔ایک قیدی کے لئے ایک چارپائی ہونی چاہیئے۔3 خواتین قیدیوں کے لئے ایک چارپائی ظلم ہے۔انہوں نے کہا کہ جس قیدی خاتون کے والد انتقال کر گئے ہیں کو پیرول پر رہاکرنے کا فوری انتظام کیا جائے۔ سزائیں پوری کرنے کے باوجود جیل میں بند قیدیوں کی رہائی کے لیے عدلیہ سے بات کریں گے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈپٹی کمشنر کو بھی فوری طلب کیا اور انہیں مسائل کے حل اور جیل کے باقاعدہ دورے کرکے صورتحال کا تسلسل کے ساتھ جائزہ لینے کی ہدایات دیں۔

نگران وزیراعلیٰ 

مزید :

صفحہ اول -