سیاستدان خود آمرانہ قوتوں کی راہ ہموار کرتے ہیں، اعظم نذیر تارڑ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کے گریبان پکڑنے سے ریاست کمزور ہوگی، سیاست تفریق کا نہیں اپنے نظریے پر ڈٹے رہنے کا نام ہے، سیاست دان خود آمرانہ قوتوں کی راہ ہموار کرتے ہیں۔وزیر قانون نذیر تارڑ نے سینیٹ کے خصوصی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی عدم استحکام سے ملک اتار چڑھاؤ کا شکار رہا، تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر روڈ میپ تیار کرنا چاہیے، ایوان بالا کا فرض ہے سیاسی درجہ حرارت پر بھی بات کی جائے۔انہوں نے کہا کہ آج تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ایک روڈ میپ تیار کرنے کی ضرورت ہے، دو ادوار ایسے بھی گزرے جن میں آمرانہ راج تھا اور آئین معطل تھا، کیا سیاستدان خود ان قوتوں کے آنے کی راہ ہموار نہیں کرتے؟اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن آج اجلاس میں دعوت کے باوجود نہ آئی، کیا ہی اچھا ہوتا کہ اپوزیشن آتی تو اچھا پیغام جاتا، ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے اور اپنے رویوں میں تبدیلی لانی چاہیے۔
اعظم نذیر تارڑ